شاہ سلمان امدادی مرکز کے 300 ٹرالر رفح باڈر پر پہنچ گئے
شاہ سلمان امدادی مرکز کے 300 ٹرالر رفح باڈر پر پہنچ گئے
بدھ 22 نومبر 2023 20:24
امدادی سامان میں ادویات کے علاوہ ضروریات زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔ (فوٹو سبق)
غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عارضی جنگ بندی پر فریقین میں ہونے والے معاہدے کے بعد رفح باڈر پر شاہ سلمان امدادی مرکز کے 326 ٹرالرز پہنچ گئے ہیں۔
سبق نیوز نے الاخباریہ ٹی وی چینل کے حوالے سے مزید بتایا ہے کہ مصر سے غزہ پٹی جانے والی سرحدی چوکی ’رفح‘ پر امدادی سامان کے ٹرالرز جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
باقاعدہ طور پرعارضی جنگ بندی کا اعلان ہوتے ہی امدادی سامان کی غزہ منتقلی کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور سینٹر کے دیگر اعلی عہدے دار بھی اس وقت رفح باڈر پر موجود ہیں تاکہ امدادی سامان کی ترسیل کا آپریشن شروع کیا جا سکے۔
اس حوالے سے سعودی ہلال احمر اور فلسطینی و مصری امدادی ٹیمیں بھی بارڈر پرموجود ہیں جو جنگ بندی کے اعلان کی منتظر ہیں۔
دریں اثنا عاجل نیوز کے مطابق مصر میں موجود شاہ سلمان امدادی مرکز کے نمائندے مبارک الدوسری نے بتایا کہ امدادی سامان کے ٹرالرز غزہ کی سرحد پرموجود ہیں جو جنگ بندی کے اعلان کے منتظر ہیں جیسے ہی اس حوالے سے اعلان ہوتا ہے تمام سامان منظم طریقے سے غزہ کے متاثرین تک پہنچنا شروع ہوجائے گا۔
الدوسری نے مزید بتایا کہ شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے آنے والے امدادی سامان میں ادویات کے علاوہ ضروریات زندگی کی دیگر اشیا شامل ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں