Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے سمندری امدادی مہم شروع

پہلی بحری امدادی مہم کے ذریعے 1 ہزار 50 ٹن سامان بھیجا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے لیے فضائی امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ سمندری ذریعے سے بھی ضروری اشیا کی ترسیل شروع کردی گئی  ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے غزہ کے متاثرین کو ضروری اشیا کی فوری ترسیل کے لیے سمندری مہم کا بھی آغاز کردیا گیا۔
جدہ اسلامی بندرگاہ سے ایک ہزار 50 ٹن امدادی سامان لے کر پہلا بحری جہاز مصر کی سعید بندرگاہ کے لیے روانہ ہوگیا جہاں سے امدادی سامان ٹریلرز کے ذریعے غزہ کی پٹی کے متاثرین کےلیے روانہ کیا جائے گا۔
سمندری ذریعے سے مصر کی بندرگاہ جانے والے بحری جہاز میں غذائی اشیا، طبی سامان و ادویات کے علاوہ ضروریات زندگی کی اشیا شامل ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو امدادی سامان مہیا کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے غزہ متاثرین کی امداد کے لیے اس سے قبل فضائی ذریعے سے روزانہ کی بنیاد پر امدادی سامان ارسال کیا جا رہا ہے۔
 فضائی راستے سے امدادی سامان کی گنجائش 35 ٹن ہوتی ہے جس کی وجہ سے بحری جہاز کے ذریعے بھی امدادی اشیا کی ترسیل کی مہم شروع کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے متاثرین کو امداد فراہم کی جاسکے۔

شیئر: