غزہ متاثرین کے لیے شاہ سلمان مرکز اور عالمی امدادی تنظیموں میں معاہدے
غزہ متاثرین کے لیے شاہ سلمان مرکز اور عالمی امدادی تنظیموں میں معاہدے
جمعرات 23 نومبر 2023 20:09
غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر صحت پروگرام کو اولیت دی جائے گی۔ (فوٹو ایس پی اے)
شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے غزہ پٹی کے متاثرین کی امداد کے لیے عالمی تنظیموں سے معاہدے کیے جارہے ہیں تاکہ بہتر انداز میں غزہ متاثرین کو امداد فراہم کی جاسکے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ڈاکٹر الربیعہ نے مزید کہا کہ ’ہم غزہ کے متاثرین کی فوری اور بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہیں اس ضمن میں متعدد تنظیموں سے بھی معاہدے کیے جارہے ہیں‘۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے غزہ پٹی میں غذائی قلت اور صحت کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
تعاون کے معاہدے میں شاہ سلمان مرکز کی جانب سے ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ جبکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مشرقی بحیرہ روم کے لیے تنظیم کے علاقائی ڈایکٹر برائے مصر اور عرب احمد المندھاری شامل تھے۔
معاہدے کے تحت غزہ پٹی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر صحت پروگرام کو فوقیت دی گئی ہے اس کے علاوہ غذائی قلت کے مسائل کے حل اور دیگر امداد کے لیے 37 ملین ریال سے زائد کے معاہدے کیے گئے۔
دریں اثنا سبق نیوز کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر رفح باڈر کھولنے کے لیے دباؤ ڈالے تاکہ غزہ متاثرین کے لیے امدادی کاموں کا جلد از جلد آغاز کیا جاسکے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں