جدہ .... سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے خبردار کیا ہے کہ آسان احکام حاصل کرنے کےلئے مفتیوں کے گھروں کے چکر نہ لگائے جائےں ۔ بعض لوگ من پسند شرعی حکم کی تلاش میں ایک ہی مسئلے کا حکم کبھی اےک مفتی اور کبھی دوسرے مفتی اور کبھی تےسرے مفتی سے دریافت کرنے کے چکر میں پڑے رہتے ہیں ۔ یہ عمل حسن اسلام کے سراسر منافی ہے ۔ سچا پکا اسلام یہ ہے کہ انسان اللہ اور اس کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام دریافت کر کے ان پر عمل کرنے کا اہتمام کرے ۔ عبادات ہوں ےا معاملات تمام امور میں شرعی احکام معلوم کئے جائیں ۔ اس سلسلے میں سہل پسندی مطمح نظر نہ ہو بلکہ اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رضا کی تلاش اصل ہدف ہو ۔ مفتی اعلیٰ نے توجہ دلائی کہ اگر کسی مسلمان کو کسی مسئلے میں شرعی حکم کے حوالے سے مشکل پیش آرہی ہو تو معتبر اور مستند عالم سے رجوع کر کے شرعی حکم معلوم کر لے اور اس کے بتائے ہوئے حکم پر عمل کرے ۔ مفتی اعلیٰ نے خبر دار کیا کہ بعض لوگ ہر معاملے میں رخصت کی تلاش میں رہتے ہیں ۔ دینی امور میں سہل پسندی کا مزاج اچھی بات نہیں ۔ اسلام نے ایسا کرنے سے منع کیا ہے ۔ یہ مذہبی روح کے بھی سراسر منافی ہے ۔