Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بزرگوں کو آرام کے مشورے سے قبل بلاول والد کو گھر بٹھائیں:پرویز خٹک

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی باتوں سے ہپناٹائز کرنا آتا ہے(فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ’بلاول بھٹو اگر بوڑھوں کو آرام کا مشورہ دے رہے ہیں تو پہلے اپنے والد کو گھر بٹھائیں۔‘
تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چئیرمین پرویز خٹک نے اردو نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ ’بلاول کون ہوتے ہیں جو یہ بات کر رہے ہیں۔ سیاست میں سب کو آنا چاہیے۔‘
اپنی سابق جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کو کسی اور نے نہیں بلکہ خود انہی نےنقصان پہنچایا ہے۔ وہ ہمیشہ صرف اپنی سنتے ہیں۔

’عمران خان آرمی کے خلاف انقلاب لانا چاہتے ہیں‘

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ’میں نے عمران خان کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ وہ صرف تقریر کرتے ہیں، اس پر عمل نہیں کرتے۔‘
’عمران خان الیکشن نہیں کرانا چاہتے تھے۔ وہ جمہوریت کو نہیں مانتے بلکہ ڈکٹیٹرشپ کی طرح ملک چلانا چاہتے ہیں جہاں سارے ان کے ماتحت ہوں۔ وہ پاکستان آرمی کے خلاف انقلاب لانا چاہتے ہیں۔‘
پرویز خٹک نے بتایا کہ میں نے خیبرپختونخوا میں اپنی مرضی سے حکومت چلائی اور اصلاحات لے کر آیا۔ عمران خان کو خواب میں نہیں پتا تھا کہ ادھر کیا ہو رہا تھا۔
’عمران خان نے اگر اصلاحات لانا ہوتیں تو پنجاب میں لے آتے، میں نے بار بار خان صاحب سے کہا کہ پنجاب میں نہ سہی، آپ اسلام آباد میں تھانوں کا نظام ٹھیک کریں تاکہ سب کو پتا چل جائے مگر انہوں نے عمل نہیں کیا۔‘

’ عمران خان نے بچوں کو بدتمیز کر دیا‘

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی باتوں سے ہپناٹائز کرنا آتا ہے، ایک کہانی سناتے ہیں تو لوگ اسے سچ سمجھتے تھے۔ عمران خان نے بچوں کو بدتمیز کر دیا ہے۔ انہیں اخلاق نہیں سکھایا۔
’ہم نے گزشتہ حکومت میں کیا کارکردگی دکھائی ہے، کوئی جا کر عمران خان سے پوچھے، مہنگائی کا طوفان آیا، بے روزگاری بڑھ گئی اور مزید قرضے لیے۔ ہم تو عوام کو کچھ نہیں بتاسکتے ہیں۔‘
سابق وفاقی وزیر کے مطابق حلقے میں 40 لاکھ ووٹرز ہوتے ہیں اور وہاں 3 ہزار لوگ جمع کرنے سے کسی کی مقبولیت میں اضافہ نہیں ہو جاتا ہے تاہم الیکشن کے دن مقبولیت کا پتا چل جائے گا۔

نواز شریف کی واپسی ڈیل کا نتیجہ ہے؟

پرویز خٹک نے میاں محمد نواز شریف کی واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے نہیں پتا کہ ڈیل ہے یا نہیں مگر ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ ایک بادشاہ ہیں۔ ان کے لیے جیلیں اور عدالتیں کھول دی گئی ہیں۔ ان کی جو مرضی ہو گی، وہ کریں گے مگر عوام ان کا احتساب الیکشن کے دن کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ملک کو تباہ کرنے والے یہ سارے پرانے لوگ ہیں جو ہر بار الیکشن سے پہلے نمودار ہو جاتے ہیں۔ 

’بلاول بھٹو اپنے والد کو گھر بٹھائیں‘

پرویز خٹک نے کہا کہ ’بلاول بھٹو اگر بوڑھوں کو آرام کا مشورہ دے رہے ہیں تو پہلے اپنے والد کو گھر بٹھائیں۔ وہ کون ہوتے ہیں جو یہ بات کر رہے ہیں۔ سیاست میں سب کو آنا چاہیے۔‘ ’یہ لوگ ہمیشہ کسی کی مدد سے اقتدار میں آتے رہے ہیں۔ یہ ابھی بھی اوپر دیکھ رہے ہیں۔ میں تو صرف اوپر اللہ سے مدد مانگتا ہوں۔‘

’کسی سے بھی اتحاد نہیں ہو گا‘

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین نے کہا کہ جہانگیر ترین کی جماعت سمیت کسی سیاسی جماعت سے اتحاد ہو گا نہ ایسا کوئی فیصلہ کیا ہے تاہم کچھ اضلاع میں ایڈجسمنٹ کی باتیں ہو رہی ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’سکیورٹی ایشوز ضرور ہیں، اس سے پہلے بھی یہی حالات تھے مگر الیکشن ہوئے تھے۔ اب بھی جو الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہو گا، اس کے لیے ہم تیار ہیں۔‘

شیئر: