رواں برس ایک لاکھ 67 ہزار سے زیادہ سعودیوں کو ملازمتیں ملیں
نطاقات کے نئے پروگرام کے تحت روزگار حاصل کرنے والے سعودیوں کی تعداد چار لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے کہا ہے کہ ’بارہ ماہ کے دوران لیبر مارکیٹ میں ایک لاکھ 67 ہزار سے زیادہ سعودیوں کو ملازمتیں ملی ہیں۔‘
سبق ویب کے مطابق ریاض میں تیرہویں سماجی مکالمہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ وزارت لیبر مارکیٹ میں پرائیویٹ سیکٹر کے تمام اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ تعاون کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے۔‘
سماجی مکالمہ فورم کا اہتمام وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کنگ عبدالعزیز تمدنی رابطہ مرکز کے تعاون سے کیا۔
احمد الراجحی نے فورم سے خطاب میں کہا کہ ’سعودی وژن 2030 کے مطابق قومی معیشت کے فروغ کے لیے روزگار کا منفرد ماحول قائم کرنے کے لیے ضروری فیصلے کرنے ہوں گے۔ چیلنجوں سے نمٹنا اور مہیا مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا۔‘
وزیر افرادی قوت نے لیبر مارکیٹ کی حکمت عملی کا جائزہ لیتے ہوئے کامیابی کے اعدادوشمار شیئر کیے۔
انہوں نے بتایا ’سعودی عرب نے 2022 کے دوران 4.9 فیصد شرح نمو حاصل کر کے جی 20 ممالک میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’نطاقات کے نئے پروگرام کے تحت روزگار حاصل کرنے والے سعودیوں کی تعداد چار لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی۔ سعودائزیشن کے معیاری فیصلوں پر عمل درآمد سے سعودی ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہوا۔‘
فورم سے عالمی تنظیم محنت کے نمائندے یوسف غلاب نے خطاب میں لیبر مارکیٹ میں سعودی قوانین اور پالیسیوں کے درمیان ہم آہنگی کی تعریف کی۔