غزہ کےلیے تیسرا سعودی بحری جہاز امدادی سامان لے کر روانہ
حری جہاز پر 300 کنٹینرز لدے ہیں جن کا وزن ایک ہزار 246 ٹن ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے سنیچر کو جدہ کی اسلامی بندرگاہ سے تیسرا امدادی جہازغزہ کے متاثرین کے لیے روانہ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بحری جہاز پر 300 کنٹینرز لدے ہیں جن کا وزن ایک ہزار 246 ٹن ہے۔
مصری بندرگاہ جانے والے بحری جہاز پر لدے 200 کنٹینرز پرغزہ کے ہسپتالوں کےلیے طبی سامان اور 100 کنٹینرز پرغذائی اشیا، شیلٹرز اور ضروریات زندگی کا سامان موجود ہے۔
امدادی بحری جہاز پورٹ سعید پہنچے گا جہاں سے امدادی سامان رفح راہداری کے ذریعے غزہ روانہ کیا جائے گا۔
سعودی عرب کی یہ امداد بحران اور مصائب میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے مملکت کے تاریخی فریم ورک کے تحت آتی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی طرف غزہ کے لیے فضائی راستے سے امدادی سامان کی ترسیل بھی جاری ہے جہاں اب تک 24 جہازابو عریش ایئرپورٹ پہنچ چکے ہیں۔