غزہ میں انسانی امداد کےلیے سعودی عرب کا شکریہ: فلسطینی ہلال احمر
شاہ سلمان مرکز نے ایمبولینسیں فراہم کرکے ہماری مدد کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
غزہ میں فلسطینی ہلال احمر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر بشار المراد نے فلسطینیوں کی مدد کے حوالے سے سعودی عرب اور اس کے فلاحی ادارے شاہ سلمان مرکز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر بشارمراد نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’غزہ کے حالیہ بحران کے دوران ایمبولینسوں پر حملے کیے گئے۔30 سے زیادہ ایمبولینسیں اب تک آؤٹ آف سروس ہیں‘۔
انہوں نے کہا ’ہمیں مریضوں اور زخمیوں کی منتقلی میں مشکلات پیش آئیں۔ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایمبولینسیں فراہم کرکے ہماری مدد کی‘۔
ڈاکٹر بشار مراد نے کہا’ سعودی عرب نے غزہ کے لیے کھانے پینے کی اشیا، ادویہ، طبی لوازمات اورعارضی پناہ گاہوں کے لیے درکار سامان فراہم کیا جسے غزہ کے انتہائی متاثرہ علاقوں کے حوالے کردیا گیا‘۔
’سعودی عرب نے جو ادویہ اور طبی لوازمات بھجوائے تھے وہ غزہ پٹی کے جنوبی علاقے میں ہسپتالوں اور فلسطینی وزارت صحت کے حوالے کی گئی ہیں‘۔
فلسطینی ہلال احمر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرکا کہنا تھا کہ’ فلسطینی ہلال احمر کے نمائندوں نے ریاض میں شاہ سلمان مرکز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کرکے انہیں غزہ پٹی کے جنوبی علاقوں کی ضروریات سے مطلع کیا جہاں دس لاکھ کے لگ بھگ فلسطینی گھروں سے بے گھر ہوکر قیام پذیر ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ شاہ سلمان مرکز فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کےلیے بری اور بحری پل قائم کیا اس پر ہم سعودی عرب کے ممنون ہیں‘۔