Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ میں انڈیا کی شکست کا جشن منانے والے 7 کشمیری طلبا کو ضمانت مل گئی

انڈیا ورلڈ کپ کا فائنل میچ آسٹریلیا سے سات وکٹوں سے ہار گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں کرکٹ ورلڈ کپ میں مبینہ طور پر انڈیا کی شکست کا جشن منانے والے سات طلبا کو ضمانت کو دے دی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق طلباء کے وکیل شفیق بھٹ نے بتایا ہے کہ پولیس نے یو اے پی اے ایکٹ کی دفعات کو خارج کر دیا اور انڈیا کی عدالت نے سنیچر کو طلباء کو ضمانت دے دی۔
طالبِ علموں کا تعلق ’شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی‘ سے ہے جنہیں اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ایک طالب علم نے ان پر میچ کے بعد انڈین مخالف نعرے لگانے اور آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے خوشی کا اظہار کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ان طلبا کو انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا اور یہ میچ انڈیا سات وکٹوں سے ہار گیا تھا۔
مقامی عدالت نے یہ شرط عائد کی ہے کہ طلبا کو تحقیقات کے لیے ضرورت پڑنے پر دستیاب ہونا چاہیے اوریہ حکم جاری کیا ہے کہ انہیں ’کسی بھی ملک مخالف سرگرمی میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔‘
طلباء کو اب بھی دیگر انڈین قوانین کے تحت الزامات کا سامنا ہے جو عوامی فساد کو ہوا دینے والے بیانات دینے سے متعلق ہیں۔

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا (فوٹو: گیٹی امیجز)

سچن بینس نامی طالب علم کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ ’میچ کے بعد کشمیری طالب علموں نے مجھے بُرا بھلا کہا اور اپنے ملک کی حمایت کرنے پر دھمکیاں دیں، مجھے چُپ رہنے کا کہا اور گولی مارنے کی دھمکی بھی دی۔‘
شکایت کنندہ کی جانب سے کشمیری طالب علموں پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
مقامی سیاسی رہنماؤں نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’گرفتاریاں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کا استعمال کرتے ہوئے مقامی لوگوں کو ڈرانے کا ہتھکنڈہ ہیں۔‘
 یہ ایکٹ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو اُکسانے سے متعلق ہے اور اس کی سزا سات سال قید ہے۔
انڈیا پاکستان پر مسلمان باغیوں کی حمایت کا الزام لگاتا ہے۔ پاکستان اس کی تردید کرتا ہے اور انڈیا پر کشمیر کے مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگاتا ہے، جسے انڈیا مسترد کرتا ہے۔

شیئر: