’نجومی کو بھروسہ نہیں تھا،‘ جب وِجے ورما کو فلم سے نکال دیا گیا
ان تمام مشکلات کے باجود وِجے ورما نے ہمت نہ ہاری اور نصیرالدین شاہ کی نصیحت کے مطابق کام کرتے رہے (فوٹو: وجے ورما انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکار وِجے ورما نے ایک حیران کن انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ اُنہیں کسی فلم سے اس وجہ سے نکال دیا گیا تھا کہ اُن پر نجومی کو بھروسہ نہیں تھا۔
ویب سائٹ ’پنک وِلا‘ کے مطابق وِجے ورما نے اپنے حالیہ انٹرویو میں نیوز 18 کو بتایا کہ ایک فلم کی شوٹنگ سے قبل ایک نجومی کو انہیں کاسٹ کرنے کا آئیڈیا پسند نہیں آیا تھا جس کے بعد انہیں فلم سے نکال دیا گیا تھا۔
وِجے ورما کہتے ہیں کہ ’مجھے ایک مرتبہ پتا چلا کہ میں فلم کے ایک حصے کے لیے سلیکٹ ہوگیا ہوں۔ اس کے بعد مجھ سے میری تصویریں منگوائی گئیں۔ میں یہ نہیں بتاؤں گا کہ تصویریں کس نے منگوائی تھیں۔ اس کے بعد مجھے فلم سے نکال دیا گیا۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’مجھے لگتا ہے کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ نجومی کو میری تصاویر پسند نہیں آئی تھیں۔ اُسے یہ منظور نہیں تھا کہ مجھے فلم میں کاسٹ کیا جائے۔ نجومی کو میری قابلیت پر یقین نہیں تھا۔‘
ان تمام مشکلات کے باجود وِجے ورما نے ہمت نہ ہاری اور سینیئر اداکار نصیرالدین شاہ کی نصیحت کے مطابق کام کرتے رہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ ’جب ہم طالبعلم تھے تو نصیر صاحب نے ہمیں بتایا تھا کہ اگر آپ اداکار بننا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس پلان بی بھی ہونا چاہیے، پھر بس اُسی پلان بی پر غور کریں کیونکہ اگر آپ اداکار بننا چاہتے ہیں تو آپ کو بہت سی مشکلات سے گزرنا ہوگا جو شاید آپ کے لیے آسان نہ ہوں۔‘
خیال رہے وجے ورما کو آخری مرتبہ رواں برس ستمبر میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی فلم ’جانِ جان‘ میں دیکھا گیا تھا۔
اس فلم میں کی مرکزی کاسٹ میں کرینہ کپور سمیت جائدیپ اہلاوٹ، نائشہ کھنا اور لِن لائشیرام شامل ہیں۔