سوشل انشورنس آرگنائزیشن کو خلاف ورزیوں پرفیصلے کا اختیار
جمعرات 7 دسمبر 2023 18:18
غلط معلومات جمع کرانا خلاف ورزی میں شمارکی جائے گی(فوٹو، ایکس)
سعودی حکومت نے سوشل انشورنس آرگنائزیشن کو خلاف ورزیوں پرعائد کیے گئے جرمانے معاف یا کم کرنے کا اختیار دے دیا۔
اخبار 24 کے مطابق سوشل انشورنس آرگنائزیشن کے قانون کی دفعہ 62 میں ہے کہ جو شخص قانون اور اس کے ضوابط میں کسی ایک کی بھی خلاف ورزی کرے گا اس پر 10 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔
خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دگنا کردیا جائے گا اور آجر سے فی کارکن کے حوالے سے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
آرگنائزیشن کی جانب سے طلب کی جانے والی معلومات پیش نہ کرنا یا غلط معلومات جمع کرانا خلاف ورزی میں شمار ہوگا۔
قانون کی مذکورہ دفعہ میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ اگر مذکورہ خلاف ورزیوں میں سے کسی ایک کی بنیاد پر ناحق معاوضہ جاری کردیا گیا ہو تو ایسی صورت میں جرمانے کی رقم ادا کردہ معاوضے کی رقم سے زیادہ نہیں لی جائے گی۔ علاوہ ازیں خلاف ورزی کرنے والے سے معاوضے کی رقم واپس لی جائے گی۔
مذکورہ قانون کی دفعہ میں ایسے آجر سے 15 ہزار ریال تک جرمانہ لیا جائے گا جس نے اپنے ادارے کے ملازمین میں کسی ایسے شخص کو شامل کیا ہو جو ادارے کے لیے کام نہ کررہا ہو۔ ایسے آجر سے زراشتراک کی مجموعی رقم بھی وصول کی جاسکتی ہے یہ رقم وصول کردہ رقم سے دگنی نہیں ہوگی۔
البتہ جرمانہ وصول کرتے وقت یہ بات مدنظر رکھی جائے گی کہ جس شخص کا اندراج کارکن کے طور پر کیا ہوا ہو اور وہ حقیقت میں ادارے کے لیے کام نہ کررہا ہو تو ایسے شخص کے زراشتراک اور جرمانے کی رقم میں جو زیادہ ہوگی وہی وصول ہوگی۔
قانون مذکور میں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ جتنے فرضی ملازم ہوں گے ان میں سے ہر ایک کے حوالے سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔