وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی ملاقات
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ (فوٹو: وزارت خارجہ)
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں مزید قتل عام کے خاتمے اور جنگ میں مزید اضافے سے بچنے کے لیے جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے ریپبلکن سیاستدان کے ساتھ غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امداد کی محفوظ ترسیل کے لیے محفوظ راہداریاں انسانی بنیادوں پر بنائی جائیں۔
اسرائیل غزہ پر تباہ کن حملے کر رہا ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق ان حملوں میں اب تک 17 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے حماس کے عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس نے سات اکتوبر کو غزہ کے قریب اسرائیلی بستیوں پر حملہ کیا تھا۔ حماس کے حملے کے نتیجے میں 12 سو افراد ہلاک اور 240 کو یرغمال بنایا گیا تھا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے سینیٹر لنڈسے گراہم کے ساتھ غزہ میں استحکام کی واپسی اور امن کی بحالی کے لیے حالات سازگار بنانے کی ضرورت پر بات کی تاکہ فلسطینی عوام اپنے جائز حقوق حاصل کر سکیں۔
اس ملاقات میں امریکہ کے لیے سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بھی موجود تھیں۔