دبئی میں 2030 تک کاربن کا اخراج 50 فیصد تک کم کرنے کا ہدف
متحدہ عرب امارات میں دبئی انرجی سپریم کونسل نے کاربن کے اخراج میں کمی کی شرح کو دگنا کرنے کے حوالے سے روڈ میپ جاری کیا ہے۔
2030 کے آخر تک کاربن کے اخراج میں 50 فیصد تک کمی لانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
امارات کے سرکاری خبررساں ادارے وام کے مطابق گزشتہ دس سال کے دوران دبئی میں مکمل کیے جانے والے منصوبوں اور اقدامات سے ریاست میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں واضح کمی آئی ہے۔
سڑکوں کے جدید انفراسٹرکچر، بجلی کی پیداوار، کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے کے اقدامات، فضلہ جات اور صنعتی شعبے کے منصوبوں کی تکمیل میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کم کرنے کا اہتمام کیا گیا۔ دیگر اہم شعبوں میں بھی اسی ہدف کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔
دبئی ایگزیکٹیو کونسل کے سیکریٹری جنرل عبداللہ البسطی نے کہا کہ ’دبئی پیرس معاہدے کے حصول، کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے موثر موسمیاتی اقدامات اور آلودگی سے پاک ماحول کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے والے بین الاقوامی شہروں کے تعاون سے کاربن کے اخراج میں کمی لائی گئی اور لائی جا رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’دبئی میں 2030 تک کاربن کے اخراج میں دگنی کمی کر کے اسے 50 فیصد تک لانے کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ دبئی حکام پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے والے منصوبے کی پوری طرح سے پابندی کر رہے ہیں۔‘