Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’2060 تک کاربن کا اخراج صفر تک پہنچایا جائے گا‘

ایکسپو 2030 موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مکالمہ پلیٹ فارم ثابت ہوگی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے دبئی میں کوپ 28  کے موقع پر ہونے  والے مباحثے ’پائیدار سیاحت کی خاطر سرمایہ کاری‘ میں شرکت کی ہے۔ 
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  انہوں نے گرین سعودی انشیٹو کے حوالے سے اب تک ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب توانائی کے شعبے میں تبدیلی پروگرام کا پابند ہے۔ 2030 تک تجدد پذیر توانائی کا استعمال 50 فیصد تک کیا جانے لگے گا جبکہ 2060 تک کاربن کا اخراج صفر تک پہنچا دیا جائے گا‘۔ 
سعودی وزیر سیاحت نے پائیدار ترقی پر منحصر سیاحت کے سعودی اہداف کے حوالے سے کہا’ مملکت میں منفرد منصوبے نافذ کیے جارہے ہیں‘۔
’یہ منصوبے مقامی معاشروں، موسمیات اور قدرتی ماحول کے تقاضے پورے کررہے ہیں۔ ان میں نیوم خاص طور پر قابل ذکر ہے جو کاربن فری ہوگا‘۔
اسی طرح ریڈ سی منصوبہ فروغ سیاحت کے حوالے سے پائیداری اور آلودگی سے پاک ہے۔ یہ دونوں کا سنگم ہے۔ 
احمد الخطیب نے کہا’ ایکسپو ریاض 2030 نہ صرف پائیدار سیاحت کے شعبے میں سعودی عرب کی ترقی کو اجاگر کرے گی بلکہ یہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بین الاقوامی مکالمہ پلیٹ فارم ثابت ہوگی‘۔ 
ان کا کہنا تھا ’ایکسپو 2030 ماحول دوست بڑے  پروگراموں کی میزبانی کے حوالے سے عالمی معیار وضع کرے گی‘۔ 

شیئر: