Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتھ سکورچرز اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان میچ ’خطرناک پچ‘ کے باعث منسوخ

دونوں ٹیموں کو میچ سے قبل پچ کے گیلے ہونے پر تحفظات تھے (فوٹو: گیٹی امیجز)
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں پرتھ سکورچرز اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان میچ ’خطرناک پچ‘ کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو جیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں میلبرن رینیگیڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پرتھ سکورچرز نے 6.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز بنائے تاہم اس کے بعد خطرناک پچ کے باعث میچ مزید جاری نہ رہ سکا۔
دفاعی چیمپیئن پرتھ سکورچرز کی اس اننگز میں پچ کے خراب ہونے کے باعث گیند کا غیر ضروری اور اضافی باؤنس دیکھنے میں آیا جسے کھیلنے میں بیٹرز کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق جیلونگ میں گذشتہ کچھ دن موسلادھار بارش ہوتی رہی ہے جس وجہ سے سٹیڈیم کی پچ کے اندر پانی پڑتا رہا جس کے باعث اس پر گیلے نشانات پڑ گئے۔
دونوں ٹیموں کو میچ سے قبل پچ کے گیلے ہونے پر تحفظات تھے اور ان تحفظات کا اظہار میلبرن رینیگیڈز کے کپتان نک میڈنسن نے ٹاس کے دوران بھی کیا۔
پرتھ سکورچرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے نک میڈنسن نے کہا کہ ’وکٹ (پچ) بالکل گیلی ہے لہٰذا ہم دیکھنا چاہتے ہیں آگے کیا ہونے والا ہے۔‘
 
خراب پچ پر سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’شرمناک‘ قرار دیا۔
اس بارے میں آن فیلڈ امپائرز نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آخری گیند (یعنی ساتویں اوور کی پانچویں گیند) جو ہم نے دیکھی اس کا باؤنس بہت ہی اضافی تھا۔ اس وجہ سے ہمیں میچ ختم کرنا پڑا۔‘
خیال رہے اس میچ کی منسوخی کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔

شیئر: