سڈنی تھنڈر نے ’بدسلوکی‘ پر افغان بولر فضل حق فاروقی کا معاہدہ منسوخ کر دیا
جمعہ 23 دسمبر 2022 11:24
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ ان کی طرف سے اس واقعے پر مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: فضل حق فاروقی/فیس بک)
آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی ٹیم سڈنی تھنڈر نے ’بدسلوکی‘ کے ایک واقعے کے بعد افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کا معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔
سڈنی تھنڈر نے فضل حق فاروقی کے معاہدے کی منسوخی کا فیصلہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے ایک واقعے کی تحقیقات کے بعد کیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کے مطابق جس ’بدسلوکی‘ کے واقعے کی بنیاد پر افغان فاسٹ بولر کا معاہدہ منسوخ کیا گیا ہے وہ 15 دسمبر کو پیش آیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے بعد کنڈکٹ کمشنر نے فضل حق فاروقی کے خلاف فیصلہ سنایا جس کے بعد سڈنی تھنڈر نے فاسٹ بولر کا معاہدہ منسوخ کیا۔
اس حوالے سے کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کے چیف ایگزیکٹیو لی جرمن کا کہنا تھا کہ ’فضل حق فاروقی کی جانب سے برتا جانے والا سلوک ہماری اقدار کے خلاف ہے اس لیے ہم نے ان کا معاہدہ منسوخ کیا۔‘
لی جرمن کا مزید کہنا تھا کہ ’اب ہماری تمام تر توجہ اس واقعے سے متاثر ہونے والے افراد کو سپورٹ کرنے پر ہے۔‘
فضل حق فاروقی ’بدسلوکی‘ کا واقعہ پیش آنے سے قبل سڈنی تھنڈر کے لیے بی بی ایل میں ایک میچ کھیل چکے تھے جس میں انہوں نے 20 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفصیلات کو صیغہ راز میں رکھا گیا ہے اور کرکٹ آسٹریلیا اور سڈنی تھنڈر کی مینیجمنٹ اس پر کوئی مزید تبصرہ نہیں کرے گی۔