’ خلیجی ممالک انسانی حقوق کے تحفظ کےلیے اہم اقدامات کر چکے‘
جی سی سی نے انسانی حقوق منشورکے عالمی دن پر پیغام جاری کیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا ہے کہ ’خلیجی ممالک انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اہم اقدامات کر چکے ہیں‘۔
جی سی سی سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق منشورکے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نےعالمی برادری سے غزہ میں قابض اسرائیلی افواج کے گھناونے جرائم بند کرانے کےلیے فوری مداخلت کی پھر اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا’ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پرحملے کرکے تمام بین الاقوامی قوانین و روایات کی خلاف ورزی کر رہا ہے‘۔
جاسم البدیوی نے کہا کہ ’اسرائیل فلسطینیوں کی جبری بیدخلی اور خون ریزی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اسرائیلی حملے بین الاقوامی انسانی قانون کو پیروں میں روند رہے ہیں‘۔
’صورتحال کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت اور تباہی پھیلانے والے حملے کی مذمت کرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے پر مجبور کرنے کےلیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرکے انہیں ان کے تمام حقوق دلائے جائیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جی سی سی کے قیام کا اعلان 25 مئی 1981 کو ابو ظبی میں ہوا تھا تب سے جی سی سی ممالک انسانی حقوق کی حفاظت کےلیے کوشاں ہیں‘۔
’ جی سی سی ممالک کو شہری، سیاسی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں اپنے غیر معمولی اقدامات پر فخر ہے‘۔