لندن ..... برطانوی ماہرین دندان سازی کا کہنا ہے کہ دانتوں کی مضبوطی کا دارومدار مسوڑھوں کی صحت سے ہے ۔ ایمپریل کالج لندن کے ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ انسانی صحت کا دانتوں اور مسوڑھوں سے گہرا تعلق ہے۔ دانتوں کی مضبوطی کا دارومدار مسوڑھوں کی صحت اور مضبوطی سے ہے۔ مسوڑھوں میں دانتوں کی جڑیں موجود ہوتی ہیں اگر مسوڑھوں میں ریشہ پیدا ہو جائے تو وہ ڈھیلے پڑنے لگتے ہیں جس کی وجہ سے دانت کمزور پڑ جاتے ہیں۔ دانتوں میں داڑھوں کی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے اگر انسان کی داڑھیں کمزور پڑ جائیں تو وہ سخت غذا کھانے کے قابل نہیں رہتا۔ دانتوں میں جراثیم خوراک کے ان ذرات کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں جو خوراک کھا چکنے کے بعد دانتوں میں پھنس جاتے ہیں اور یہ ذرات دانتوں کے درمیان سوراخ کا باعث بنتے ہیں۔ ایسی صورت میں دانتوں کے علاج کی جانب فوری توجہ مبذول کرنی چاہیے۔ دانتوں کی وجہ سے چہرے کے خدوخال بھرے بھرے نظر آتے ہیں اور چہرہ خوبصورت اور دلکش نظر آتا ہے۔ اگر دانت یا داڑھوں کو باری باری نکلوانا شروع کر دیا جائے تو چہرہ بدنما نظر آتا ہے ۔