Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور بلوچستان کابینہ کے دو ارکان عہدوں سے مستعفی

بلوچستان کی نگراں کابینہ کے دو ارکان بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں (فائل فوٹو: سرفراز بگٹی ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان کے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
اعلٰی حکومتی ذرائع نے اردو نیوز کے نامہ نگار روحان احمد کے رابطہ کرنے پر تصدیق کی کہ ’سرفراز بگٹی نے 13 دسمبر کو اپنا استعفیٰ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو پیش کیا تھا۔‘
’نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آج نگراں وزیر داخلہ کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔‘
مقامی میڈیا کے مطابق سرفراز بگٹی اپنے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی سے عام انتخابات میں حصہ لیں گے اور اسی وجہ سے وہ مستعفی ہوئے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے رواں برس 17 اگست کو نگراں وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
وہ 12 ستمبر 2018 کو بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ٹکٹ پر بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
سرفراز بگٹی 2013 سے 2018 تک دو مرتبہ بلوچستان کے وزیر داخلہ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

بلوچستان نگراں کابینہ کے دو ارکان بھی مستعفی

بلوچتسان کی نگران کابینہ کے دو ارکان بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
جمعے کو عام انتخابات کا شیڈول جاری ہوتے ہی بلوچستان کے نگراں صوبائی وزیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال خان رئیسانی اور نگراں مشیر برائے معدنیات و معدنی ترقی عمیر حسنی مستعفی ہو گئے۔ 
جمال رئیسانی کے ترجمان نے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ استعفیٰ نگراں وزیراعلیٰ علی مردان ڈومکی کو ارسال کردیا گیا ہے۔
جمال رئیسانی کوئٹہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264 اور مستونگ سے بلوچستان اسمبلی کی نشست پر الیکشن میں حصہ لیں گے جبکہ عمیر حسنی نے چاغی سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: