Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈنکی‘ بمقابلہ ’سالار‘، شاہ رخ خان اور پربھاس آمنے سامنے

شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ 21 دسمبر جبکہ پربھاس کی فلم ’سالار‘ 22 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔ (فائل فوٹو: یوٹیوب)
انڈیا میں دو بڑی فلمیں ’ڈنکی‘ اور ’سالار‘ ایک ساتھ ریلیز ہو رہی ہیں اور ریلیز سے قبل دونوں فلموں کے ہیروز کا موازنہ بھی کیا جا رہا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ 21 دسمبر جبکہ پربھاس کی فلم ’سالار‘ 22 دسمبر کو ریلیز ہو گی۔
فلموں کی ریلیز سے قبل ٹکٹوں کی ایڈوانس بُکنگ جاری ہے اور دونوں فلموں میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ٹکٹوں کی ایڈوانس بُکنگ کھلنے کے پہلے دن ’ڈنکی‘ سات کروڑ 36 لاکھ جبکہ پربھاس کی فلم ’سالار‘ چھ کروڑ انڈین روپے کما چکی ہے۔
شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ ہندی زبان میں ریلیز ہو گی اور اس کے نو ہزار 658 شوز کے لیے اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد ٹکٹ ایڈوانس میں بُک کروائے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب پربھاس کی فلم ہندی سمیت چار سے زائد زبانوں میں ریلیز ہو گی اور اس کے چار ہزار 338 شوز کے اب تک 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ میں وکی کوشل اور تاپسی پنوں بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے جبکہ پربھاس کی ’سالار‘ میں شروتی حسن اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

شیئر: