جدہ.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے لندن میں دہشتگردی پر برطانوی وزیراعظم ٹریسا مے سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے تعزیتی پیغام میں واضح کیا کہ ہمیں لندن میں دہشتگردی کی خبر سے دکھ ہوا۔ ہم اس گھناﺅنے مجرمانہ عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ دوست ملک برطانیہ کے عوام اور ہلاک ہونے والوں کے رشتہ داروں سے سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے رنج و غم کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔ زخمی ہونے والوں کی فوری شفا کے آرزو مند ہیں۔ شاہ سلمان نے کہا کہ وہ اس موقع پریہ بات بھی باور کرانا ضروری سمجھتے ہیں کہ دہشتگردی سے نمٹنے اوراسکے خاتمے کیلئے عالمی جدوجہد بیحد ضروری ہے۔ ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف اور نائب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی برطانوی وزیراعظم کے نام انہی جیسے مضامین پرمشتمل پیغامات تعزیت ارسال کئے۔