Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رجب بٹ کو غیرقانونی طور پر شیر کا بچہ رکھنے پر سزا، ’ہر ماہ ایک ولاگ‘

ایک ماہ قبل لاہور پولیس نے رجب بٹ کو حراست میں لینے کے بعد شخصی ضمانت پر رہا کیا تھا۔ (فوٹو: لاہور پولیس)
لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نےغیرقانونی طور پر شیر کا بچہ رکھنے کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر اور ولاگر رجب بٹ کو سزا سنا دی ہے۔
جیوڈیشل مجسٹریٹ نے رجب بٹ کو 50 ہزار روپے جرمانہ اور ایک سال کی کمیونیٹی سروس فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
فیصلے کے مطابق رجب بٹ نے شیر کا بچہ غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے کا اعتراف جرم کیا ہے۔ 
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ’رجب بٹ ہر ماہ اپنے پانچ منٹ کے وی لاگ میں جانوروں کے حقوق کے بارے گفتگو کریں گے۔  یہ وی لاگ ہر ماہ کے پہلے ہفتہ میں پروبیشن آفیسر کی اجازت کے بعد اپلوڈ ہو گا۔ 
اس وی لاگ میں جانوروں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق گفتگو ہوا کرے گی۔ 
رجب بٹ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے پاس سے غیر قانونی طور پر شیر کا بچہ برامد ہوا، میرے علم میں نہیں تھا کہ جنگلی جانور تحفے کے طور پر وصول نہیں کیے جا سکتے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں رضاکارانہ طور پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کمیونٹی سروس فراہم کروں گا۔
کمیونٹی سروس دراصل سماجی بہتری کے لیے کام کو کہا جاتا ہے جو عدالت ایک مجرم کو سزا کے طور پر کرنے کا کہتی ہے۔ 
واضح رہے گزشتہ سال دسمبر کے وسط میں پنجاب پولیس نے محکمہ وائلڈ لائف کے ہمراہ رجب بٹ کے گھر پر چھاپہ مار کر لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ اور غیرقانونی رائفل رکھنے پر انہیں حراست میں لے لیا تھا۔ 
بعد ازاں انہیں تھانے منتقل کر کے ان کے خلاف صرف غیرقانونی اسلحہ رکھنے کی ایف آئی آر درج کی گئی کیونکہ محکمہ وائلڈ لائف نے اس وقت تک ملزم کے خلاف درخواست نہیں دی اور صرف شیر کے بچے کو ساتھ لے گئے تھے۔
کچھ گھنٹوں بعد رجب بٹ کو پولیس نے شخصی ضمانت پر رہا کر دیا تھا جس کے بعد انہوں نے عدالت میں پیش ہو کر اپنی ضمانت کروائی تھی۔
دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف نے شیر کے بچے کو سفاری زو منتقل کرنے کے بعد چالان اور قانونی کارروائی کے عمل کا آغاز کیا تھا جس پر اب عدالت نے فیصلہ سنایا ہے۔
خیال رہے کہ اپنے فیملی وی لاگز کی وجہ سے مشہور اور یوٹیوب پر 45 لاکھ 60 ہزار سبسکرائبرز کے حامل رجب بٹ کو ان کی شادی پر ملنے والے تحائف نے مصیبت میں ڈالا تھا۔
گزشتہ سال لاہور میں رجب بٹ کے ولیمے کے موقع پر  ان کے فینز اور دوستوں نے انہیں بیش قیمتی تحائف دیے، لیکن ان میں سے دو تحائف ایسے تھے جنہوں نے رجب کو دو ہی روز بعد حوالات کی سیر کرا دی تھی۔
ان قیمتی تحائف میں ایک شیر کا بچہ اور ایک رائفل بھی شامل تھے اور سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز وائرل ہیں۔ اور شاید یہ وائرل ویڈیوز کہیں حکام کی نظروں میں بھی آئیں جس کے بعد یوٹیوبر کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
اس سے قبل بھی پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور غیرقانونی طور پر خطرناک جانور رکھنے پر کئی ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کو گرفتار کیا ہے۔

شیئر: