Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں چار انڈین فوجی ہلاک، تین زخمی

انڈیا کے ایک دفاعی ترجمان کے مطابق ’علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں چار انڈین فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈین آرمی نے بتایا کہ ’راجوری کے علاقے میں جمعرات کی سہ پہر 3 بج کر 45 منٹ پر عسکریت پسندوں نے ڈیرہ کی گلی سے گزرنے والی فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔‘
’اس حملے کے بعد آرمی اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، اور بعدازاں فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔‘
ایک دفاعی ترجمان کا کہنا ہے کہ ’انٹیلی جنس کی بنیاد پر ڈیرہ کی گلی (جسے ڈی کے جی ایریا بھی کہا جاتا ہے) میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔‘
واضح رہے کہ رواں برس نومبر میں راجوری کے علاقے کلاکوٹ میں آرمی اور سپیشل فورسز کے مشترکہ آپریشن میں انڈین آرمی کے دو کپتانوں سمیت پانچ فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
گذشتہ چند برسوں کے دوران اس علاقے میں انڈین فوج پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔
رواں برس اپریل اور مئی کے دوران راجوری کے علاقے میں دو حملوں میں 10 فوجی مارے گئے تھے۔
گذشتہ دو برسوں کے دوران اس علاقے میں فوجی کارروائیوں کے دوران 35 سے زیادہ انڈین فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: