کویت کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف سول ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ کویت کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک معمول پر آگئی۔
خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق سول ایوی ایشن کے ترجمان عبداللہ الراجعی نے بتایا کہ’ ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب پرندوں کے باعث کئی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا‘۔
’تمام پروازوں کی سیفٹی یقینی بنانے کےلیے رن وے کو عارضی طور پر بند کیا گیا‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ رن وے کے قریب پرندوں سے نمنٹے کےلیے بین الاقوامی ایئر سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے۔ مسافروں اور طیاروں کی سیفٹی کو ترجیح دی جاتی ہے‘۔
انہوں نے یقین دلایا کہ’ طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران حادثات کے خطرے کو کم کرنے کےلیے تمام ضروری اقدامات پر عمل کیا گیا ہے‘۔
’تمام احتیاطی اقدامات کی کامیابی کی تصدیق کے بعد رن وے کو دوبارہ کھول دیا گیا‘۔