سعودی عرب کے بیشتر علاقے منگل سے سنیچر تک بارش کی زد میں
شہری دفاع نے شہریوں اور غیرملکیوں کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ دیا ہے (فوٹو ایس پی اے)
موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں منگل 26 دسمبر سے سنیچر 30 دسمبر 2023 تک بارش کا امکان ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش اور اس سے قبل تیز اور گرد آلود ہواؤں کا بھی امکان ہے۔
مکہ مکرمہ، طائف، جدہ، اللیث، بحرہ، الجموم، الکامل، اضم، العرضیات، میسان اور خلیص میں منگل سے جمعے تک شدید گرج چمک اور بارش کا امکان ہے جبکہ بدھ اور جمعرات کو تیز بارش ہوسکتی ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز نے بتایا کہ بدھ سے جمعے تک مکہ ریجن کے تربہ، المویہ، الخرمہ، رنیہ اور القنفذہ میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
سنیچر سے جمعرات تک مدینہ منورہ ریجن جبکہ بدھ اور جمعرات کو مدینہ منورہ، المھد، الحناکیہ، خیبر، العلا، وادی الفرع میں بارش ہوسکتی ہے۔
ریاض اور اس کے اطراف کے علاقوں میں منگل سے سنیچر تک ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز نے ریاض، رماح، ثادق، مرات، المزاحمیہ، الحریق، الخرج اور حوطہ بنی تمیم میں جمعے اور ہفتے کو بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
منگل سے جمعرات تک ینبع، العیص اور بدر کے علاقے بھی بارش سے متاثر رہیں گے۔
موسمیاتی مرکز نے بتایا کہ حائل ریجن میں بھی منگل سے جمعے تک جبکہ بدھ اور جمعرات کو اس کی دیگر کمشنریوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
قومی مرکز کی رپورٹ کے مطابق قصیم ریجن میں بریدہ، عنیزہ، البکیریہ، الاسیاح، ریاض الخبراء، عقلہ، الصقور، البدائع، الرس، النبھانیہ، ضریہ، المذنب، عیون، الجواء الشماسیہ میں بھی کل سے سنیچر تک بارش کا امکان ہے۔
تبوک ریجن میں املج، تیماء میں بدھ اور جمعرات جبکہ حقل، البداع، ضباء اور الوجہ میں بدھ اور جمعرات کو بارش ہوسکتی ہے۔
الجوف ریجن اور اس کی کمشنریوں میں منگل سے جمعرات اور عسیر ریجن میں منگل اور بدھ کو بارش متوقع ہے۔
شہری دفاع نے شہریوں اور غیرملکیوں کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ اور باہر نکلنے سے قبل موسمی حوالے سے معلومات ضرور حاصل کریں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں