نگراں وزیراعظم کی مشرق وسطی اور افریقہ کے مسلم ممالک کے سفرا سے ملاقات
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے مشرق وسطٰی کے اور شمالی افریقہ کے مسلم ممالک MENA (مڈل ایسٹ اینڈ نارتھ افریقہ) کے سفرا سے ملاقات کی۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ ملاقات صبح کے وقت ہوئی جس میں بحرین، مصر، عراق، اردن، کویت، لبنان، لیبیا، مراکش، عمان، فلسطین، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن کے سفرا شامل تھے۔
اس ملاقات میں وزیر خارجہ، وزیراعظم کے سیکریٹری اور فارن سیکٹریٹری نے بھی شرکت کی۔
نگراں وزیراعظم نے مسلم دنیا بالخصوص مینا خطے کے ممالک کے ساتھ پاکستان کے برادارنہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ تعلقات باہمی اعتماد اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر مبنی ہیں۔
نگراں وزیراعظم نے فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی بگڑی صورت حال اور دیگر امور کے حوالے سے سفرا کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر اسلاموفوبیا سمیت مسلم دنیا کو درپیش دیگر چیلنجز کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انورالحق کاکڑ نے مسلم دنیا پر زور دیا کہ وہ ایسے پیچیدہ مسائل سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے ذریعے اجتماعی طور پر کام جاری رکھیں۔
نگراں وزیراعظم نے سفرا کی جانب سے اسلام آباد اور ان کے ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے ہونے والی کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات کے آخر میں سفرا نے نگراں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے حمایت کا عزم ظاہر کیا۔