شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے نگراں وزیراعظم کی ملاقات
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکٹر نے ریاض میں ملاقات کی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اس موقع پرغزہ کی تازہ ترین صورت حال اورباہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ انوارالحق کاکٹر تین روزہ سرکاری دورے پر جمعہ کے روز سعودی عرب پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال نائب گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمان نے کیا۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اتوار کے روز ریاض میں منعقد ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے جو غزہ کی صورت حال پر منعقد کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکٹر نے ریاض می منعقدہ عرب اسلامی مشترکہ سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پرزور دیا کہ غزہ میں جاری خون ریزی کو فوری طورپرروکا جائے۔
انہوں نے مزید کہا اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہورہی ہے۔ عالمی برادری جنگی جرائم پراسرائیل کا محاسبہ کرے۔
نگران وزیر اعظم نے اس بات پرزوردیا کہ خطے میں مستقل بنیادوں پرقیام امن کے لیے ضروری ہے کہ جون 1967 سے پہلے والی سرحدوں کو بحال کرتے ہوئے فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت ’بیت المقدس‘ ہو۔