ریاض اور الشرقیہ میں 3 قاتلوں کی سزائے موت پر عمل درآمد
جمعرات 28 دسمبر 2023 22:15
انڈین کو الشرقیہ میں سزائے موت دی گئی۔ (فوٹو المدینہ)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ جمعرات 28 دسمبر 2023 کو ریاض میں2 سعودی شہریوں اور الشرقیہ میں ایک انڈین کو سزائے موت پرعمل درآمد کر دیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض میں سعودی شہری متعب بن محمد بن وضحان الدوسری نے اپنے ہم وطن فالح بن فارس بن فالح الدوسری کو گردن اور پیٹھ پر چاقو سے وار کرکے ہلاک کردیا تھا۔
دوسرے واقعے میں ریاض میں سعودی شہری ناصر بن سعید بن ناصر الشھرانی نے اپنے ہم وطن محمد بن سعید بن مفلح الشھرانی کو چھری سے وار کرکے ہلاک کردیا تھا دونوں میں کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔
دوسری جانب الشرقیہ ریجن میں ایک انڈین صمد سالی حسن سالی نے سعودی شہری علی بن طراد بن صایل العنزی کے گھر میں چوری کی نیت سے داخل ہوا تھا۔ اس نے شہری کو کپڑے سے گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا تھا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے تینوں افراد کو گرفتار کرکے عدالت کے حوالے کیا تھا۔ بعدازاں عدالت میں اقبال جرم کرنے پر انہیں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔
اپیل کورٹ نے عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا اور ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل کا حکم جاری کیا جس پر ریاض اور الشرقیہ میں جمعرات کو عمل درآمد کردیا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں