Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں مقیم پاکستانی محمد انعام نے 40 لاکھ ڈالر کا انعام جیت لیا

لاٹری جیتنے والے نے کہا کہ وہ امارات کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں (فوٹو: ایمریٹس ڈرا انسٹاگرام)
متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک پاکستانی کا 40 لاکھ ڈالر کی لاٹری کا انعام نکل آیا ہے۔
عرب نیوز پاکستان کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’امارات ڈرا‘ نامی ہینڈل سے اعلان کیا گیا کہ صرف 15 درھم کا ٹکٹ خریدنے والے محمد انعام نے ایک کروڑ 50 لاکھ درھم جیت لیے ہیں۔
محمد انعام اس سے قبل متعدد بار اپنی قسمت اسی لاٹری میں آزما چکے تھے۔ انہوں نے پہلی بار 2021 میں ٹکٹ خریدا تھا۔
متحدہ عرب امارات مختلف قسم کے لکی ڈراز اور ریفلز کی میزبانی کے لیے جانا جاتا ہے جو رہائشیوں اور تارکین وطن دونوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
ان میں سے بہت سی سکیمیں بڑی نقد رقم، لگژری کاریں، ریئل اسٹیٹ اور گولڈ کے انعامات پیش کرتی ہیں۔
اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم محمد انعام ابوظبی میں ایک نجی فرم کے ساتھ فنانس آڈیٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔
انہوں نے امارات ڈرا میں ایزی 6 گیم کے 15 ملین درھم جیتنے کے بعد حج کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
محمد انعام نے اخبار کو بتایا کہ انہوں نے ابتدائی طور پر یہ اُس فون کال کو مسترد کر دیا تھا جس میں انعامی رقم جیتنے کا بتایا گیا تھا کیونکہ اُن کا خیال تھا مذاق کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ’جب بعد میں حقیقت سامنے آگئی اور میں نے محسوس کیا کہ کال سچ تھی، اور اب میں ایک کروڑ پتی ہوں۔‘
ایمریٹس ڈرا کی سوشل میڈیا پوسٹ میں اعلان کی گئی رقم 40 لاکھ امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔
ایزی 6 لاٹری جیتنے والے پاکستانی نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور حج کے بعد فیملی کے لیے کار خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رقم سے مزید سرمایہ کاری اور اخراجات خاندان والوں کے حج کرنے کے بعد کیے جائیں گے۔

شیئر: