Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلفی کی لت، کیا یہ ذہنی فتور اور بیماری ہے؟

جو لوگ روزانہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی درجنوں سیلفیاں پوسٹ کرتے ہیں وہ ایک قسم کے عارضے میں مبتلا ہوتے ہیں۔ (فوٹو: فری پک)
اپنی تصاویر اُتارنے کی حد تک تو بات قابلِ ادراک ہے مگر جب یہ جنون بن جائے تو یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ کیا یہ کوئی دماغی عارضہ تو نہیں؟ اس جنوں کی انتہا دیکھیے کہ لوگ سیلفی لیتے ہوئے جان سے گزر جاتے ہیں اور لوگ اب ایسی خبروں پر حیرانی کا اظہار بھی نہیں کرتے کیوںکہ کبھی کوئی نوجوان سیلفی بناتے ہوئے نہر میں گر جاتا ہے اور کبھی پہاڑ سے پائوں پھسل جانے کے باعث کھائی میں جا گرتا ہے۔

سیلفی کی لت کیا ہے؟

چند برس قبل امریکن سائیکاٹرک ایسوسی ایشن نے بار بار سیلفی لینے کے عمل کو ایک نیا ذہنی فتور یا بیماری قرار دیا تھا۔
امریکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن نے اسے ’سیلفی کا جنون‘ بھی قرار دیا تھا جس میں عجیب وغریب انداز میں سیلفیاں لینے اورانہیں سوشل میڈیا پراپ لوڈ کرنے کی شدید خواہش ہوتی ہے۔
ایسوسی ایشن نے اس عارضے کو تین درجوں میں تقسیم کیا ہے جن میں پہلے درجے کو ’ابتدائی سیلفی کی لت‘ دوسری قسم میں ’سیلفی بنانے کی شدید ترین خواہش‘ جبکہ تیسری قسم میں ’سیلفی کا نشہ‘ شامل ہے۔
ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ انسانی فطرت میں ’نرگسیت‘ کا عنصر بڑی حد تک موجود ہے جو خود ستائشی سے عبارت ہوتا ہے۔ یہ عنصر ہر انسان میں پایا جاتا ہے مگر کسی میں اس کا ابھار کم جبکہ کہیں بہت زیادہ ہوتا ہے۔ 
مذکورہ صورت میں سیلفی لینے کے بعد اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے پس پردہ وہ جذبہ کار فرما ہوتا ہے جسے خود نمائی یا خود ستائشی کا نام دیا جا سکتا ہے۔ جب کوئی اپنی سیلفی کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا ہے تو وہ یہ جانتا ہے کہ اب بہت سے لوگ اسے دیکھیں گے۔

کیا سیلفی کی لت دماغی عارضے کی علامت ہے؟

بلاشبہ جو لوگ روزانہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی درجنوں سیلفیاں پوسٹ کرتے ہیں وہ ایک قسم کے عارضے میں مبتلا ہوتے ہیں۔
اپنی تصویر لے کر اسے اپنی مرضی کے مطابق پوسٹ کرنے سے اس شخص کو اس بات کا اختیار حاصل ہو جاتا ہے کہ وہ اپنی پسند کی چیز دوسروں کو دکھائے۔ یعنی ایسا شخص خود پسندی کے رجحان میں مبتلا ہونے لگتا ہے جس میں وہ دوسروں کو کوئی اہمیت نہیں دیتا۔

چند برس قبل امریکن سائیکاٹرک ایسوسی ایشن نے بار بار سیلفی لینے کے عمل کو ایک نیا ذہنی فتور یا بیماری قرار دیا تھا۔ (فوٹو: فری پک)

نرگسیت پسندی کی علامات

نرگسیت پسندی یا خود پسندی میں اتنا مبتلا ہونا کہ دوسروں کو کم تر سمجھنے لگنا۔ بہت سے ماہرین کے نزدیک یہ ایک بزدلانہ صفت ہے۔
اس حوالے سے نرگسیت پسند شخصیت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک قسم کے عارضے میں مبتلا ہوتا ہے جسے سوچ یا فکر کی خرابی بھی کہا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنی ذات میں انتہا سے زیادہ خود پسند ہو جانا ایک قسم کا دماغی عارضہ ہے جس کی علامات ذیل میں بیان کی جا رہی ہیں۔
مستقل بنیادوں پر پسند کیے جانے کی خواہش
ہمدردانہ جذبات میں کمی 
ہمہ وقت وہم میں مبتلا رہنا
 طاقت، مال، شہرت اور کامیابی کی سوچوں میں گم رہنا
دوسروں کو کم تر اورخود کو اعلٰی سمجھنا
خود کو ہرچیز کا حق دار سمجھنا یعنی بہتر جاننا 
یہ سوچ کہ ہر کوئی حسد کرتا ہے
دوسروں کو نیچا دکھانا یا ان کے جذبات سے کھیلنا

ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ انسانی فطرت میں ’نرگسیت‘ کا عنصر بڑی حد تک موجود ہے جو خود ستائشی سے عبارت ہوتا ہے۔ (فوٹو: پکسابے)

ان کے علاوہ سابقہ کی گئی تحقیق میں بھی اس جانب اشارہ ملتا ہے کہ سیلفی کے نشے میں مبتلا بعض افراد اس حد تک پہنچ جاتے ہیں کہ وہ یہ تصور کر بیٹھتے ہیں کہ جس دن ان کی کوئی سیلفی پوسٹ نہیں ہوتی ان کا دن ہی مکمل نہیں ہوتا۔
سیلفی کی لت کو ایک طرح کا دماغی عارضہ بھی کہا جاتا ہے اور یہ بڑھ جانے کی صورت میں نشے میں تبدیل ہو جاتا ہے جس سے اجتناب برتنا ضروری ہے۔

سیلفی کی لت اور خود اعتمادی کا مسئلہ

ماہرین کے مطابق ’سیلفی کا جنون‘ انسان میں خود اعتمادی کی کمی کا باعث بن جاتا ہے جس کے نتیجے میں وہ شخص اپنے ہی حصار میں قید ہو جاتا ہے اور صرف اپنی پسند کو دوسروں پر لاگو کرنے کا خواہاں ہوتا ہے، اور وہ بالآخر یہ سمجھنے لگتا ہے کہ وہ کوئی اور ہی انسان ہے اور دوسروں سے قطعی مختلف ہے۔

شیئر: