Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں اپیلیں آج سے

پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا دن 8 فروری مقرر ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں آج (اتوار) سے اپیلیں دائر کی جائیں گی۔
سنیچر کی شام امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران نے اُن امیدواروں کی فہرستیں جاری کیں جن کے کاغذات منظور کیے گئے۔
الیکشن ٹریبونلز کے سامنے ایسے امیدوار بھی اپیل دائر کر سکتے ہیں جن کے مخالف امیدواروں پر اعتراضات کو ریٹرننگ افسران نے مسترد کر دیا ہو۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف الیکشن ٹریبونلز میں اپیلیں دائر کرانے کا عمل بدھ تک جاری رہے گا۔
ان اپیلوں پر فیصلے 10 جنوری 2024 تک کیے جائیں گے۔
عام انتخابات میں حصہ لینے امیدواروں کی ابتدائی فہرست 11 جنوری کو آویزاں کی جائے گی اور امیدوار 12 جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات 13 جنوری 2024 کو الاٹ کیے جائیں گے اور پولنگ آٹھ فروری 2024 کو ہوگی۔
سنیچر کو جب ملک بھر کے اضلاع میں ریٹرننگ افسران نے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی یا جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کیں تو بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے جن میں کئی نامی گرامی شخصیات شامل تھیں۔
ان سیاسی رہنماؤں میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا نام سرفہرست ہے۔
اُن کے علاوہ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل شامل ہیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پنجاب کی سابق وزیر یاسمین راشد بھی اُن شخصیات میں شامل ہیں جن کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

شیئر: