Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیو ایئر نائٹ: ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر مختلف شہروں میں گرفتاریاں، مقدمات درج

سندھ پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کی تھیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سال نو کے آغاز پر پاکستان کے چار بڑے شہروں کراچی ،لاہور، کوئٹہ اور راولپنڈی میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت 30 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے الزام میں ایک سو ایک افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 
سال 2023 کے آخری روز 31 دسمبر کی رات بارہ بجتے ہی کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کراچی سے اردو نیوز کے نامہ نگار زین علی نے رپورٹ کیا کہ رات بارہ بج کر 20 منٹ پرعباسی شہید ہسپتال سے واقعہ رپورٹ ہوا کہ نارتھ ناظم آباد میں موٹر سائیکل سوار نوجوان نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سے زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ کچھ ہی دیر میں شہر کے ساتوں اضلاع سے شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعات رپورٹ ہونے لگے۔
رات گئے تک سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ایک سات سالہ بچے اور خاتون سمیت 30 افراد نامعلوم سمت سے آنے والی گولیوں کا نشانہ بنے۔ 
دوسری جانب سندھ پولیس کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر ہوائی فائرنگ اور عوام مقامات پر ہلڑ بازی کرنے والے 65 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گولیوں کے خالی کھول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ 
کراچی پولیس نے ہوائی فائرنگ کے الزام میں ضلع شرقی سے 20 ، سینڑل سے 21، کیماڑی سے 7، کورنگی سے 9 ، ساؤتھ سے 6 اور لیاری سے 2 افراد کو گرفتار کیا اور مقدمات درج کیے۔
یاد رہے کہ سندھ پولیس کی جانب سے سال نو کے آغاز پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کے دعوے کیے گئے تھے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے تھے۔ 
آئی جی سندھ رفعت مختیار کی جانب سے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ اپنے اپنے علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف نہ صرف آگہی مہم چلائی جائے بلکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی کی جائے۔

پاکستان کے چار بڑے شہروں سے کُل 101 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اس ضمن میں شہر بھر کے تھانوں کی پولیس موبائلوں پر بینرز آویزاں کیے گئے تھے اور سال کے آغاز سے قبل جمعے کے روز مساجد سے بھی ہوائی فائرنگ نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ تاہم پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سختی کے باوجود شہر میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ 
پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں بھی نیو ائیر نائٹ پر قانون کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کیا۔ لاہور سے اردو نیوز کے نامہ نگار ادیب یوسفزئی کے مطابق لاہور چوکی صوئے آصل پولیس نے ہوائی فائرنگ کے مرتکب 4 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
اس کے علاوہ لاہور کے تھانہ گلبرگ، غالب مارکیٹ نے دو کالے شیشے والی گاڑیوں اور دو ون ویلرز کوحراست میں لیا۔ لاہور کے تھانہ شادمان اور اچھرہ کی پولیس نے تین ہوائی فائرنگ کے مرتکب ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
تھانہ نشترکالونی، کوٹ لکھپت اور کاہنہ نے سرعام اسلحہ کی نمائش و ہوائی فائرنگ کے 6 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ نصیر آباد پولیس نے ایک اور لیاقت آباد پولیس نے ہوائی فائرنگ و ناجائز اسلحہ کے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ 
لاہور پولیس نے ملزمان سے مجموعی طور پر 4 رائفلز، 5 پستول و گولیاں برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔ 
اسلام آباد سے اردو نیوز کے نامہ نگار بشیر چوہدری  کے مطابق ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے 6600 سے زائد افسران ڈیوٹی پر مامور تھے۔

لاہور میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر 20 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے 57 خصوصی پکٹس لگائی گئی تھیں۔ راولپنڈی پولیس نے ون ویلنگ، آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کے 13 مقدمات درج کیے ہیں جبکہ  15 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔
کوئٹہ سے اردو نیوز کے نمائندے زین الدین احمد نے بتایا کہ نئے سال کی پہلی ایف آئی آر 12 بج کر پانچ منٹ پر ہوائی فائرنگ کرنے پر درج کی گئی۔ سمنگلی روڈ سے پولیس نے حسنین لانگو نامی ملزم کو ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں پکڑا اور اس سے پستول بھی برآمد کیا- ملزم کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

شیئر: