انڈیا میں بولر میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا
پیر 1 جنوری 2024 10:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اندل سنگھ میچ کے دوران بے ہوش ہو کر گر گئے تھے ( فوٹو: پکسابے)
انڈیا میں کرکٹ میچ کے دوران بولنگ کرانے والے کھلاڑی کو دل کا دورہ پڑ گیا اور ان کی موت واقع ہو گئی۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون کے ایک گاؤں میں 22 سالہ اندل سنگھ جادھو کو کرکٹ میچ کے دوران بے چینی محسوس ہوئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
اندل سنگھ جادھو کو بدواہ سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ ڈاکٹر کے مطابق اندل سنگھ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ جن لوگوں نے اندل سنگھ کو ہسپتال پہنچایا، انہوں نے کہا کہ اندل نے میچ کے دوران سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔
ایک عینی شاہد کے مطابق ’اندل سنگھ برکھد ٹانڈہ گاؤں کی ٹیم کے لیے کھیل رہے تھے، جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 70 رنز بنائے تھے۔ جب ٹیم بولنگ کر رہی تھی تو اندل نے سینے میں درد کی شکایت کی اور ایک درخت کے نیچے بیٹھ گئے۔ جب ٹیم میچ جیت گئی تو اندل نے ساتھیوں کو انہیں ہسپتال لے جانے کا کہا، مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔‘