Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوڈ وارنر کو سابق آئی پی ایل ٹیم نے سوشل میڈیا پر بلاک کر دیا

سن رائزرز حیدرآباد نے اپنی واحد آئی پی ایل ٹرافی ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں جیتی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر کا کہنا ہے کہ انہیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرینچائز سن رائزرز حیدرآباد نے انسٹاگرام پر بلاک کر دیا ہے۔
منگل کو آئی پی ایل 2024 کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جہاں ڈیوڈ وارنر کے دو ساتھی آسٹریلوی کھلاڑیوں ٹریوس ہیڈ اور پیٹ کمنز کو سن رائزرز حیدرآباد نے خریدا۔
ڈیوڈ وارنر کے مطابق جب انہوں نے انسٹاگرام پر ٹریوس ہیڈ کو سن رائزرز حیدرآباد میں شمولیت کی مبارک باد دینا چاہی تو انہیں معلوم ہوا کہ انہیں اُن کی سابق ٹیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بلاک کیا ہوا ہے۔
واضح رہے ڈیوڈ وارنر 2014 میں سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم میں شامل ہوئے تھے اور 2015 میں انہیں ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا تھا۔
سنہ 2015 میں سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم اپنی واحد آئی پی ایل ٹرافی ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں ہی جیتی تھی اور اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلوی بیٹر نے 848 رنز بنائے تھے۔

سنہ 2022 میں سن رائزرز حیدرآباد نے ڈیوڈ وارنز کو معاہدے سے ریلیز کر دیا تھا اور وہ تب سے دہلی کیپیٹلز کا حصہ ہیں۔
خیال رہے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو سن رائزرز حیدرآباد نے 20.50 کروڑ انڈین روپے اور ٹریوس ہیڈ کو 6.8 کروڑ انڈین روپے میں خریدا ہے۔

شیئر: