ڈیجیٹل چینلز سے کرائے کی ادائیگی کے لیے ڈیڈ لائن مقرر
پورٹل میں مرحلہ وار رجسٹریشن کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ ( فائل فوٹو: عکاظ)
سعودی رئیل سٹیٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’15 جنوری 2024 کے بعد سے نئے رجسٹر ہونے والے رہائشی فلیٹوں اور پراپرٹی کے کرایوں کی وصولی ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے کی جائے گی‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق مملکت میں رئیل سٹیٹ کے شعبے کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے مرحلہ وار عمل کیا جا رہا ہے جس کے لیے چند برس قبل ’ایجار‘ پورٹل لانچ کیا گیا تھا۔
پورٹل میں مرحلہ وار کرایے ناموں کو رجسٹر کرانے کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ’ ڈیجیٹل ذرائع میں مدی اور سداد بل نمبر 153 مخصوص کیا گیا ہے جس کے ذریعے کرایے ادا کیے جاسکتے ہیں‘۔
’کرایوں کی ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل ذرائع کی شرط استعمال کرنے کے لیے صرف رہائشی شعبے کے لیے ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ تجارتی سیکٹر کے لیے ہنوز روایتی طریقہ جاری ہے‘۔
کرایے ناموں کو ایجار نیٹ ورک میں رجسٹرکرانے کے لیے منظور شدہ ایجنٹوں کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں جو اتھارٹی سے لائسنس یافتہ ہوں۔
ایجارسسٹم کے ذریعے کرایے نامے رجسٹر کرانے کا مقصد فریقین کے حقوق کا تحفظ ہے اس حوالے سے قانونی نکات ایجار سسٹم میں بیان کیے گئے ہیں۔