کاغذات نامزدگی منظور، شیخ رشید اب الیکشن لڑ سکیں گے
الیکشن ٹریبیونل نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 اور 57 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔
جمعرات کو راولپنڈی کے الیکشن ٹریبیونل کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کیس کی سماعت کی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی جانب سے سردار عبدالرازق اور سردار شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد شیخ رشید کے کاغذات منظور کر لیے۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف شیخ رشید احمد نے الیکشن ٹریبیونل میں اپیل دائر کی تھی۔
راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 اور 57 کے ریٹرننگ افسر الیکشن ٹریبیونل میں پیش ہوئے۔
کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد شیخ رشید احمد نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’جسٹس مرزا وقاص رؤف نے آر او کا فیصلہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے۔ یہ طے پایا ہے کہ شیخ رشید حلقہ 56 اور 57 میں الیکشن کے لیے اہل ہیں۔‘
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا اور نہ کسی کے خلاف سازش کی۔
دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔
راولپنڈی بینچ نے اعجاز الحق کے کاغذات پر ریٹرننگ افسر کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔
اعجاز الحق نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 55 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔