قطری وزیر اعظم کا لبنانی اور ایرانی حکام سے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال
تشدد اور تنازعات کا دائرہ وسیع ہونے پر اس کے سنگین نتائج نکلیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم نے جمعے کو لبنان کی نگراں حکومت کے وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
قطرکی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق رابطے کے دوران انہوں نے غزہ کی پٹی اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
قطری وزیر اعظم نے لبنان کو علاقائی جنگ میں گھسیٹنے کی کوششوں کے خطرے کے حوالے سے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں تشدد اور تنازعات کا دائرہ وسیع ہونے کی صورت میں خاص طور پر لبنان اور ہمسایہ ممالک میں اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری پر عالمی قوانین کی اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے کےلیے بین الاقوامی برادری کے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
انہوں نے ایرانی وزیرسے رابطے میں فوری جنگ بندی اور غزہ میں شہریوں کے تحفظ پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے ایران کے صوبہ کرمان میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں کے متاثرین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش بھی اظہارکیا۔