حماس کے رہنما کا قتل، حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی اڈے پر راکٹ حملے
حماس کے رہنما کا قتل، حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی اڈے پر راکٹ حملے
ہفتہ 6 جنوری 2024 20:27
حزب اللہ کے مطابق اس نے راکٹ حملوں سے سرحد کے قریب دو اسرائیلی فوجی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا۔ فوٹو: روئٹرز
لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ برسائے ہیں اور انتباہ جاری کیا ہے کہ یہ بیروت میں حماس کے رہنما کے قتل کا ابتدائی جواب ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں لبنان کے دارالحکومت میں حماس کے نائب سربراہ صالح العروری کو ایک حملے ہلاک کیا گیا تھا اور شبہ ظاہر کیا گیا کہ ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے اسرائیل تھا۔
اسرائیل پر یہ راکٹ حملے حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے اس بیان کے ایک دن بعد کیے گئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تنظیم کو اپنے اتحادی حماس کے نائب سیاسی رہنما صالح عروری کی ہلاکت کا بدلہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر حزب اللہ نے جوابی حملہ نہ کیا تو پورا لبنان اسرائیلی حملے کا شکار ہو جائے گا۔
حسن نصراللہ کا یہ بیان کے بعد یہ خطرہ پیدا ہوا کہ اسرائیل جو پہلے ہی غزہ میں حماس کے ساتھ برسرِپیکار ہے سرحد پار لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ بھی لڑائی شروع کر دے گا جس کے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے ماؤنٹ میرون پر اسرائیلی فضائی نگرانی کے اڈے کی طرف 62 راکٹ داغے اور اسے براہ راست نشانہ بنایا۔
حزب اللہ کے مطابق اس نے راکٹ حملوں سے سرحد کے قریب دو اسرائیلی فوجی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ کہ میرون کی طرف تقریباً 40 راکٹ فائر کیے گئے اور ایک اڈے کو نشانہ بنایا گیا، لیکن یہ نہیں بتایا کہ اڈے کو نقصان پہنچا۔
اسرائیل کی فوج کے مطابق اس نے جواب میں راکٹ فائر کرنے والے حزب اللہ کے سیل کو نشانہ بنایا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان پر فضائی حملے کیے ہیں جن سے سرحدی علاقے میں جانی نقصان ہوا ہے۔
اسرائیل کے یہ فضائی حملے سرحد سے تقریباً 40 کلومیٹر اندر کوثریہ السیاد گاؤں کے مضافات میں کیے گئے۔
تقریباً تین ماہ قبل سرحدی لڑائی شروع ہونے کے بعد سے لبنان کے اندر اس طرح کے حملے شاذ و نادر ہی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی فورسز نے خیام قصبے سمیت سرحدی علاقوں پر گولہ باری کی۔
اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ایک الگ واقعے میں لبنان کے اسلامی گروپ کے عسکری ونگ نے کہا کہ اس نے جمعے کی رات اسرائیلی شہر کریات شمونہ کی طرف راکٹ فائر کیے۔
حماس کے نائب رہنما پر حملے میں اس گروپ کے بھی دو ارکان مارے گئے تھے۔
لبنان اور اسرائیل کی سرحدی کشیدگی ایسے وقت بڑھی جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کا ہنگامی دورہ شروع کر رہے ہیں۔
تین ماہ قبل اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے خطے میں ان کا چوتھا دورہ ہے۔