پاکستان کی مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر سے ملاقات کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان اتوار کو کابل پہنچیں ہیں اور انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ افغانستان کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی۔
مزید پڑھیں
-
پاکستان میں زور پکڑتی دہشتگرد کارروائیاں، کون سے علاقے ہدف پر؟Node ID: 819266
افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی بی این اے کے مطابق افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے مذکورہ ملاقات کے بعد کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ہے اور توقع ہے کہ ان کا دورۂ کابل اور اسلام آباد کے تعلقات کے حوالے سے سود مند ثابت ہو گا۔
مولوی امیرخان متقی نے مزید کہا کہ وفد کے حجم کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان کی طرف سے امارت اسلامیہ کے قائدین کے لیے اہم پیغام لے کر آئے ہوں گے۔
قبل ازیں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس (ٹوئٹر) پر کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ایک وفد کابل پہنچ رہا ہے۔
طلوع نیوز کے مطابق سنیچر کو ریڈیو فری یورپ کے ریڈیو آزادی کو انٹرویو میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا تھا کہ وہ افغانستان کے دورے کے دوران امارت اسلامیہ کے سربراہ ملا ہبت اللہ اخوندزادہ سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد حالیہ کشیدگی کے حوالے سے اسلام آباد کی پوزیشن واضح کرنا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دورہ کابل کے دوران ٹی پی پی بھی موضوع بحث ہو گی۔
’پوری حکومت اس سلسلے میں مجھ سے رابطے میں ہے۔ کل وزارت خارجہ (پاکستان) میں ان کے مشیر نے مجھے پاکستان کی پوزیشن کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ وہ کیا چاہتا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کو ہمارے دورے سے غرض ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر پابندی افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ ’ہر ملک کو اپنے اندرونی معاملات، سکیورٹی و تجارتی شعبے میں اور سماجی اصلاحات کا حق حاصل ہے۔‘
افغانستان میں طالبان کی حکومت نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں کا ایجنڈا ابھی تک امارت اسلامیہ کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا ہے۔
ټاکل شوی ده چې نن د پاکستان د جعیت علماء اسلام ګوند مشر محترم مولانا صاحب فضل الرحمن د یو پلاوی په مشري کابل ته راشي.
قرار است محترم مولانا فضل الرحمن رهبر حزب جمعیت علماء اسلام پاکستان در رأس یک هېئت به کابل بیایند. pic.twitter.com/WpVkLihtV7
— Zabihullah (..ذبـــــیح الله م ) (@Zabehulah_M33) January 7, 2024