Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ شادی سے انکار‘ مصر میں بھائیوں نے بہن اور اس کے تاجر دوست کو قتل کردیا 

پولیس نے چار میں سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، دو مفرور ہیں( فوٹو: العربیہ)
مصر میں حلوان کے المعصرۃ علاقے میں بھائیوں نے شادی سے انکار پر اپنی بہن اور اس کے تاجر دوست کو بے دردی سے قتل کردیا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق پولیس نے چار میں سے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دو مفرور ہیں۔
 قاہرہ میں پبلک پراسیکیوشن نے لڑکی اور اس کے دوست کے قتل کے ملزمان کا ریمانڈ طلب کرلیا۔ دو مفرور ملزمان کی فوری گرفتاری کا بھی حکم دیا گیا۔ 
 اس اندوہناک کہانی کا آغاز اس وقت ہوا جب الفیوم کمشنری میں ایک لڑکی اسمدۃ کمپنی کے مالک کے ساتھ  قاہرہ فرار ہوئی۔ کمپنی کا مالک پی ایچ ڈی تھا۔ 
لڑکی کے گھر سے جانے کی اطلاع پر اس کے دو بھائی دیگر دو افراد کے ہمراہ حلوان کے  المعصرۃ علاقے کی العشرین سٹریٹ پہنچے اور الاسمدۃ کمپنی کے مالک کو اپنی بہن سے شادی کےلیے کہا۔ 
لڑکی کے دوست اور کمپنی کے مالک نے انکار کیا تو ملزمان نے اسے زدوکوب کیا اور اس کے سر پر  سریے سے وار کیے جس سے وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ 
 یہ  منظر دیکھ کر لڑکی نے فرار کی کوشش کی تاہم اس کے بھائیوں نے اس کے ہاتھ  پیر باندھ دیے اور اسے بھی قتل کردیا۔
عمارت کے چوکیدار نے ملزمان کو جاتے دیکھ کر دفتر پہنچا تاہم کمپنی کے مالک کی جانب سے کوئی جواب نہ ملا۔
ہمسایوں کی مدد سے دفتر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے جہاں کمپنی کے مالک اور لڑکی کی  نعشیں پڑی تھیں۔
چوکیدار نے فوری طور پرپولیس کو رپورٹ کی اور اپنا بیان بھی درج کرایا۔ 
قاہرہ اور الفیوم کی پولیس نے سی سی کیمروں کی مدد سے شواہد  اکھٹے کیے اوردو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دو مفرور ملزمان کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ 
پبلک پراسیکیوشن نے نعشوں کے پوسٹ مارٹم اور سی سی کیمروں سے شواہد جمع کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

شیئر: