مرسڈیز بینز انڈیا میں کتنی سرمایہ کاری اور کون سی نئی گاڑیاں لانچ کرنے جارہی ہے؟
رواں برس مرسڈیز بینز نئی گاڑیاں لانچ کرے گی۔ (فوٹو: روئٹرز)
جرمنی کی معروف لگژری گاڑیاں بنانے والی کمپنی مرسڈیز بینز رواں برس انڈیا میں 24 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی اور ایک درجن سے زیادہ نئی جدید گاڑیاں لانچ کرے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انڈیا میں گاڑیاں بنانے والے یونٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر سنتوش آئر نے بتایا کہ دنیا کی تیسری بڑی کار مارکیٹ میں مرسڈیز بینز کی نصف سے زیادہ جدید اور قیمتی گاڑیاں لانچ ہوں گی۔
نوجوانوں اور امیر انڈین شخصیات میں ان گاڑیوں کی مانگ زیادہ ہے۔ نئی لانچ ہونے والی گاڑیوں کی قیمت ایک لاکھ 80 ہزار سے زیادہ ہے۔
انڈیا میں مرسڈیز گاڑیاں خریدنے والے اکثر کاروباری شخصیات ہوتی ہیں تاہم تنخواہ دار پیشہ ور خریداروں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گاہکوں کی اوسط عمر 38 برس ہے۔
سنہ 2023 میں انڈیا میں مرسڈیز کی ایس یو وی اور دیگر لگژری کاروں کی زیادہ مانگ کی وجہ سے اس کے 17 ہزار 408 گاڑیاں فروخت ہوئیں جو سال 2022 کی نسبت 10 فیصد زیادہ ہیں۔
سنتوش آئر نے مزید کہا کہ مرسڈیز بینز اودے پور، امرتسر اور آگرہ جیسے شہروں میں سروس ورکشاپس کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پیر کو مرسڈیز بینز نے انڈیا میں جی ایل ایس 450 لانچ کی جس کی قیمت تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر ہے۔
رواں برس انڈیا میں لانچ ہونے والی گاڑیوں میں تین نئے الیکٹرک ماڈل بھی شامل ہوں گے۔ الیکٹرک گاڑیاں انڈیا میں مرسڈیز کی مجموعی فروخت کا چار فیصد ہیں۔
24 ملین ڈالر مغربی شہر پونے میں مرسڈیز کی مینوفیکچرنگ آپریشنز اور نئی مصنوعات کے لانچ پر استعمال ہوں گے۔