Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گھر سنبھالنے والی خواتین سیاست بھی کر سکتی ہیں‘، باجوڑ کی سلطنت بی بی

سلطنت بی بی باجوڑ کے حلقہ پی کے 21 پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والی واحد خاتون امیدوار ہیں (فائل فوٹو: مجیب الرحمان)
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی صوبائی جنرل نشست پی کے 21 کی خاتون امیدوار سلطنت بی بی نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ 
عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لیے خیبر پختونخوا کے مرد امیدواروں کے ساتھ خواتین امیدوار بھی میدان میں اُتر چکی ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ اس بار ضم قبائلی اضلاع کی خواتین نے بھی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ 
ان میں باجوڑ کی نشست پی کے 21 کا حلقہ ہے جہاں سے پہلی بار خاتون امیدوار جنرل سیٹ کے لیے سامنے آئی ہیں۔
سلطنت بی بی اس حلقے سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والی واحد خاتون امیدوار ہیں، تاہم ابھی تک اُن کی پارٹی (پی ٹی آئی) نے انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ 
سلطنت بی بی کون ہیں؟ 
 سلطنت بی بی کا تعلق باجوڑ سے ہے مگر اُن کی پیدائش کراچی میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کرنے کے بعد وہ باجوڑ منتقل ہوئیں۔
 25 سالہ سلطنت بی بی ایک بچی کی والدہ ہیں اور ایک مقامی کالج سے بی ایس کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔ وہ 2021 کے بلدیاتی انتخابات میں کونسلر بھی منتخب ہو چکی ہیں۔
 سلطنت بی بی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’گھریلو خاتون کے لیے سیاست کرنا مشکل کام ہے، تاہم وہ سیاست میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔ گھر سنبھالنے والی خواتین سیاست بھی کرسکتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں عوام کی خدمت کے لیے سیاست کے میدان میں آئی ہوں کیونکہ جب تک نوجوانوں میں سے کوئی سامنے نہیں آئے گا ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔‘ 
خاتون اُمیدوار کا منشور کیا ہے؟
سلطنت بی بی نے بتایا کہ ’میرے حلقے میں تعلیم اور صحت سے متعلقہ مسائل زیادہ ہیں جنہیں حل کرنا میری پہلی ترجیح ہے۔‘

سلطنت بی بی کے مطابق ’کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے سے انتخابی مہم تک شوہر ہر جگہ میرے ساتھ رہتے ہیں‘ (فائل فوٹو: مجیب الرحمان)

’اس کے علاوہ خواتین کی مشکلات بھی زیادہ ہیں جن کے لیے میں ایوان میں آواز اٹھانا چاہتی ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں خاتون کونسلر ہونے کی حیثیت سے اپنے علاقے کے مسائل سے واقف ہوں، نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنا بھی میری ترجیحات میں شامل ہے۔‘
سلطنت بی بی کا مزید کہنا ہے کہ ’میرا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور انتخابی مہم کے دوران جہاں بھی جاتی ہوں عوام کا مثبت رویہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔‘
’مجھے خواتین کی نہ صرف سپورٹ حاصل ہے بلکہ وہ میری انتخابی مہم بھی چلا رہی ہیں۔ میرا مقابلہ مرد امیدواروں سے ہے، تاہم میں بالکل خوفزدہ نہیں ہوں۔‘
خاتون امیدوار کا کہنا ہے کہ ’میں الیکشن میں جیت کے لیے پُرامید ہوں، تاحال مجھے پارٹی کا ٹکٹ نہیں ملا، اگر اپنی جماعت کا ٹکٹ نہ بھی ملا تو آزاد حیثیت سے قسمت آزمائی کروں گی۔‘
شوہر کے تعاون کی بدولت سیاست میں آئی:
پی کے 21 کی امیدوار سلطنت بی بی نے بتایا کہ ’مجھے شوہر مجیب الرحمان کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے سے لے کر انتخابی مہم تک وہ ہر جگہ میرے ساتھ رہتے ہیں۔‘

سلطنت بی بی کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، تاہم انہیں تاحال پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ ’میرے شوہر کی بھی خواہش ہے کہ میں رکنِ اسمبلی منتخب ہو کر حلقے کے لیے کچھ کروں۔‘ 
سلطنت بی بی کے شوہر مجیب الرحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’میری اہلیہ کی کامیابی کے امکانات موجود ہیں اور ہم جہاں بھی ووٹ مانگنے جاتے ہیں وہاں لوگ ہمیں مکمل سپورٹ کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔‘
’اکثر لوگ کہتے ہیں کہ آپ کی اہلیہ کو انتخابی مہم چلانے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ پہلے ہی جیت چکی ہیں۔ قبائل کے لوگ خواتین کو بہت عزت دیتے ہیں، اسی لیے ہمیں یقین ہے کہ حلقے کے ووٹرز ہمارا ساتھ دیں گے۔‘
واضح رہے کہ باجوڑ کے حلقہ پی کے 21 پر کُل 19 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں سلطنت بی بی واحد خاتون امیدوار ہیں۔

شیئر: