عمرہ سیزن کے مصروف ترین تین مہینے کون سے ہیں؟
270 عمرہ کمپنیاں زائرین کو سروسز فراہم کر رہی ہیں ( فوٹو: ایکس اکاونٹ حرمین شریفین)
سعودی حج و عمرہ و زیارت کی قومی کمپنی کے رکن سعید باحشوان نے کہا ہے کہ ’تین ماہ کے دوران (رجب، شعبان اور رمضان) میں عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مکہ مکرمہ پہنچیں گے, یہ تینوں مہینے عمرہ سیزن کے حوالے سے مصروف ترین ہیں۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق سعید باحشوان نے کہا کہ ’270 عمرہ کمپنیاں اور ادارے زائرین کی آمد سے ان کی وطن واپسی تک سروسز فراہم کر رہی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اعلٰی قیادت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ زائرین کو مقدس شہروں میں ہر ممکن بہتر سہولت فراہم کی جائے، اس کی نگرانی وزارت حج و عمرہ کر رہی ہے۔‘
’عمرہ کمپنیاں اور ادارے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کی منفرد میزبانی کے لیے تیار ہیں۔‘
دونوں شہروں کے ہوٹل زائرین کی غیرمعمولی تعداد کی آمد پر زیادہ مصروف ہوں گے۔
علاوہ ازیں پبلک ٹرانسپورٹ، ریستورانوں، شاپنگ سینٹرّز اور بازاروں میں بھی رش رہے گا۔
عمرہ زائرین اپنے پیاروں کے لیے اس سال بھی تحائف خریدنے کا اہتمام کریں گے۔
سعید باحشوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’پاکستان، انڈیا، انڈونیشیا، ترکیہ، مصر، تیونس، الجزائر، لیبیا، ازبکستان، ملائیشیا اور دیگر ملکوں سے زائرین عمرہ ادا کرنے اور اپنی زندگی کے انمول روحانی لمحات حرمین شریفین میں گزارنے کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچنے لگے ہیں۔‘