عسیر میں ہلال احمر کو ایک سال میں 60 ہزار کالز موصول
’38 ہزار 958 کالز مریضوں کی طرف سے جبکہ 11 ہزار 613 کالز ٹریفک حادثات میں موصول ہوئی ہیں‘ (فوٹو: سبق)
عسیر میں ہلال احمر نے کہا ہے کہ 2023 کے دوران اسے 60 ہزار 970 امداد طلب کرنے کی کالز موصول ہوئی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’موصول ہونے والی تمام کالز پر طبی ٹیم روانہ کرکے مریضوں کو سہولت فراہم کی گئی ہے‘۔
ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’38 ہزار 958 کالز مریضوں کی طرف سے کی گئی جبکہ 11 ہزار 613 کالز ٹریفک حادثات میں زخمیوں کی امداد کے لیے موصول ہوئی ہیں‘۔
ہلال احمر نے عام شاہراہوں پر گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ ہلال احمر کی گاڑیوں کو جگہ دیں اور ہنگامی حالات کے وقت ٹریفک کی روانی معطل کرنے کا سبب نہ بنیں۔
ہلال احمر نے کہا ہے کہ ’عسیر ریجن میں ہمارے پاس انتہائی جدید اور ترقی یافتہ نظام موجود ہے جبکہ تمام ایمبولینس گاڑیاں مشکل ترین راستوں پر بھی آسانی سے چل سکتی ہیں‘۔
’عسیر ہلال احمر کے پاس انتہائی ہنگامی حالات میں اور ٹریفک بھیڑ کے أوقات میں استعمال کرنے کے لیے موٹر سائیکلیں بھی ہیں جو ابتدائی طبی امداد کے سامان سے لیس ہیں‘۔
’عسیر ریجن میں ہلال احمر کے تحت 41 مراکز کام کر رہے ہیں جن میں ڈاکٹر، فنی عملہ اور ہنگامی حالات کے لیے خصوصی شعبے بھی موجود ہیں‘۔