Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں پہلے سعودی انڈیا فیسٹیول کا انعقاد

مملکت کی شاندار کامیابیوں کو انڈین تارکین کی صلاحیتوں کے ساتھ باہم منایا گیا۔ فوٹو عرب نیوز
پہلا سعودی-انڈیا فیسٹیول حال ہی میں جدہ کے قونصلیٹ جنرل آف انڈیا اور گڈول گلوبل انیشیٹو کے درمیان ایک معاہدے کے ایک حصے تحت منعقد کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق  سعودی انڈیا دوستی کا جشن منانے کےلیے تقریبا پانچ ہزار افراد نے شرکت کی جس میں ممتاز سعودی شہری بھی شامل تھے۔

انڈین نژاد سعودی جو مملکت میں آباد ہیں تقریب کا حصہ رہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی عرب کے انڈیا کے درمیان سفارتی تعلقات 1947 میں قائم ہوئے اور دونوں ممالک نے 2022 میں سفارتی تعلقات کے 75 سال  ہونے کا جشن منایا تھا۔
جدہ کے انٹرنیشنل انڈین سکول کے آڈیٹوریم میں ایک ثقافتی  فیسٹول میں سعودی اور انڈین فنکاروں نے اپنی بھرپور پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔  
 جدہ میں تعینات انڈین قونصل جنرل محمد شاہد عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’سعودی اور انڈین نوجوانوں کی نئی نسل کو دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ اور ثقافت کے بارے میں جاننا چاہیے۔‘
شاہد عالم نے کہا کہ’ میں ایک انڈین کے طور پر ان خاص آپسی رشتوں اور بندھن پر فخر محسوس کرتا ہوں جو ہمارے تمام رشتوں کی بنیاد کے طور پر کام کرتے ہیں۔‘
’آج سعودی عرب اور انڈیا سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر اقتصادی تعلقات میں بڑی پیش رفت کر رہے ہیں جس کا اظہار دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے سے ہوتا ہے۔‘

سعودی اور انڈین فنکاروں نے  پرفارمنس سے حاضرین کو مسحور کیا۔ فوٹو عرب نیوز

انڈین قونصل جنرل نے انڈین نژاد سعودیوں کی کامیابیوں کو سراہا جو 100 سال سے زیادہ عرصے سے مملکت میں آباد ہیں اور آج جدید سعودی عرب کا حصہ بن گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے  سعودیوں کی شاندار کامیابیوں کو مملکت میں موجود انڈین تارکین وطن کی صلاحیتوں کے ساتھ مل کر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی میں مکہ مکرمہ میں مدرسہ ملیباریہ کے نگران عادل حمزہ ملیباری،ملیالم نیوز کے چیف ایڈیٹر طارق مشخص، عفت یونیورسٹی میں انجینئرنگ کالج کی ڈین ڈاکٹر عقیلا سریریٹ اور مکہ کی ام القریٰ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر غدیر طلال میلبری شامل تھے۔
تقریب میں انڈین اور سعودی عرب کے درمیان صدیوں پرانے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
فلم میں انڈیا سے آنے والے تجارتی قافلوں کے راستوں ’ قدیم  مصالحہ روٹ ، سلک روڈ اور بخور روٹ ‘ کا احاطہ کیا گیا۔

سعودی لوک فن پرفارمنس نے حاضرین کو محظوظ کیا۔ فوٹو عرب نیوز

اس تقریب کا موضوع باہمی اعتماد اور دوستی کی عکاسی کرتا ہے جو عربوں اور انڈین کو جوڑتا ہے۔
اس موقع پر فادی سعد الحصاوی کی قیادت میں 16 رکنی فوک آرٹس گروپ کی سحر انگیز پرفارمنس نے شو کو چار چاند لگا دیے۔
فوک گروپ نے روایتی سعودی لوک فن کی پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کیا۔
تقریب کے شرکا نے انڈین علاقائی رقص جیسے بھرتناتیم کے ساتھ ساتھ گجراتی، پنجابی، راجستھانی اور کشمیری لوک رقص سے بھی لطف اٹھایا۔
 

شیئر: