Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی: کور کمانڈرز کانفرنس

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا ہے کہ ’کسی کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
بدھ کو 262 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ ’فوج آئینی مینڈیٹ اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق اپنے فرائض انجام دے گی۔‘
’فورم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی عام انتخابات 2024 کے پرامن انعقاد میں معاونت فراہم کرنے کے لیے فوج کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس نے مزید کہا کہ ’کسی کو بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر تشدد کرنے اور آزادانہ و منصفانہ انتخابات کروانے کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
اس موقع پر فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ’ملکی خودمختاری، قومی عزت اور عوامی اُمنگوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘
کانفرنس نے غیرقانونی سرگرمیوں اور جرائم پیشہ مافیاز بشمول سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، طاقت کے غلط استعمال اور غیرقانونی شہریوں کے خلاف کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے زور دیا کہ اس نوعیت کے اقدامات اور اس کے معیشت اور لوگوں کی بہبود پر مثبت اثرات کو کسی تعطل کے بغیر جاری رکھا جائے۔
کانفرنس کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاری کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے فارمیشن کمانڈرز سے کہا کہ ’وہ تربیت، انتظامی امور اور جوانوں کے اعتماد کو بڑھانے پر توجہ دیں۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے ملک میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور اہلکاروں کی قربانیوں کے علاوہ جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ’ملک کی حاکمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)

شرکا نے کہا کہ پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشاروں پر کام کرنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ریاست کی تمام تر طاقت سے نمٹا جائے گا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے تمام ریاستوں کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی پر یقین کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ملک کی حاکمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا کو انڈیا کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں اور ماورائے عدالت قتل کی مہم، ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
شرکا نے فلسطین اور غزہ کے شہریوں کے لیے اپنی غیرمشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی اور فوری طور پر مستقل بنیادوں پر جنگ بندی اور فلسطین کے مسئلے کے دیرپا حل پر زور دیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے کشمیر کے عوام سے بھی اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ پاکستان کشمیری بہنوں اور بھائیوں کی اس وقت تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔

شیئر: