پیٹرول سٹیشنز سے اضافی پیٹرول حاصل کرنے کے ضوابط
اضافی پیٹرول کے لیے مخصوص کینز حاصل کرنا ضروری ہے (فوٹو، ایکس )
محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مخصوص کینز میں پیٹرول فروخت کرنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ پیٹرول کی ہنگامی منتقلی کے لیے مقررہ ضوابط پرعمل کرنا ضروری ہو گا۔
عربی روزنامہ عکاظ کے مطابق سعودی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ضوابط کے تحت سٹیشنز سے جو لوگ انتہائی ضرورت کے تحت کین میں پیٹرول اضافی پیٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ سعودی سٹینڈرڈ سے منظور شدہ کینز میں ہی اضافی پیٹرول حاصل کریں۔
اس حوالے سے شہری دفاع کا مزید کہنا ہے کہ اضافی پیٹرول رکھنے والے مخصوص کینز کا فائر پروف ہونا ضروری ہے جو اسی مقصد کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔
اضافی پیٹرول کین کی انتہائی گنجائش 23 لیٹر ہوتی ہے۔ مخصوص کینز کا ڈھکن مضبوطی سے بند ہوتا ہے جس سے پیٹرول نکلنے کا امکان نہیں ہوتا۔
شرائط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے کینز میں پیٹرول بھرنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں گاڑی سے نکال کر زمین پر رکھنے کے بعد ان میں پیٹرول بھرا جائے۔
واضح رہے اضافی پیٹرول کے لیے پلاسٹک کی بوتلوں میں یا کینز میں پیٹرول لینے پر پابندی عائد ہے جس کا مقصد لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔