’موسم گرما میں گاڑی کا پیٹرول ٹینک فل نہ کرایا جائے‘
اتوار 16 جولائی 2023 5:37
گاڑی میں ایسی اشیا نہ رکھی جائیں جو گرمی میں آگ کا باعث بن سکتی ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ٹریفک پولیس میں شعبہ ٹرانسپورٹ انجینئرنگ کے ماہر ڈاکٹرعلی ملباری کا کہنا ہے کہ ’موسم گرما میں گاڑی کا پیٹرول ٹینک فل نہ کرایا جائے۔‘
سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر علی ملباری نے کہا کہ ’موسم گرما میں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو چاہئے کہ فیول ٹینک میں گیس کے اخراج کے پیش نظر اسے فل نہ کریں تاکہ آگ لگنے کے امکان کو ختم کیا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گاڑیوں میں خواتین کاسمیٹکس کی اشیا نہ رکھیں خاص طور پرنیل پالش ریمور کے حوالے سے احتیاط برتی جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان اشیا میں شامل کیمیائی مواد درجہ حرارت بڑھنے کی صورت میں آگ پکڑلیتا ہے۔ اس حوالے سے احتیاط کی ضرورت ہے‘۔
اس سے قبل ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا تھا کہ ایسی اشیا جو شدید گرمی میں آگ لگنے کا باعث بن سکتی ہیں انہیں گاڑی میں نہ رکھا جائے۔
یہ بھی ہدایت کی گئی کہ شیشے کی بوتل میں موجود خوشبو کا سپرے، گیس سیلنڈرز، پاوربینک، بیٹریاں، موبائل فون، مائع گیس والے لائٹرز اوران ہی اقسام کی اشیا کو گاڑی میں زیادہ دیر کے لیے نہ رکھا جائے۔
موسم گرما میں خاص طورپردوپہر کے وقت جب گاڑی دھوپ میں کھڑی اور اس کے کیبن میں ہوا کا گزر نہ ہو اس بات کا امکان بڑھ جاتا ہے کہ یہ اشیا درجہ حرارت کے بڑھنے سے پھٹ کر گاڑی میں آگ لگنے کا باعث بن سکتی ہیں۔