Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان کی جانب سے عبید شاہ نے بنگلہ دیش کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی (فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر)
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
سنیچر کو جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں ایونٹ کے سپر 6 مرحلے میں بنگلہ دیش کی ٹیم 156 رنز کے تعاقب میں 150 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کے عبید شاہ نے 5 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شہاب جیمز نے سب سے زیادہ رنز 26 بنائے، انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کیا اور عبید شاہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
چودھری محمد رضوان 20، جشان عالم 16 جبکہ عارف الاسلام 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان محفوظ الرحمان رابے 13 رنز بنا کر علی رضا کی گیند پر سعد بیگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ نے پانچ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ علی رضا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
 محمد ذیشان نے 27 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ احمد حسن، علی اسفند اور عرفات منہاس کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ 
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کے پانچ بیٹرز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے اور کوئی کھلاڑی ففٹی سکور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہوسکا۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے۔ شاہ زیب خان 26 جبکہ شمائل حسین 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
بنگہ دیشی ٹیم کی جانب سے شیخ پرویز جبون اور روہانت بورسن نے پاکستان کے چار چار بیٹرز کو آؤٹ کیا۔

شیئر: