جنوبی افریقہ کو شکست، انڈیا انڈر19 ورلڈ کپ کے فائنل میں
اُدھے سہارن اور سچن داس نے ٹیم کی سہارا دیا اور فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔ (فوٹو: آئی سی سی)
انڈیا کی انڈر19 کرکٹ ٹیم نے مسلسل پانچویں بار انڈر19 ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
منگل کو انڈر19 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔
انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 244 بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لوہان ڈری پریٹورس نے 76 اور رچرڈ سیلوسوانے 64 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے راج لمبانی نے تین اور مشیر خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
245 رنز کے تعاقب میں انڈیا کا آغاز اچھا نہ تھا اور 32 رنز پر چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس نازک صورتحال میں کپتان اُدھے سہارن اور سچن داس نے ٹیم کی سہارا دیا اور فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔
دونوں کے درمیان 171 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سچن 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اُدھے سہارن نے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ راج لمبانی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹرسٹن لوس اور کیونا مہاپاکھا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
انڈر19 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آٹھ فروری کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا اور جیتنے والی ٹیم 11 فروری کو انڈیا کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔